اسلام آباد(آئی این پی)سال 2022مینو فیکچرنگ سیکٹر بالخصوص ایکسپورٹ پر مبنی صنعتوں کیلئے ہنگامہ خیز سال ثابت ہوا۔
2022 کی دوسری ششماہی میں صنعتی پیداواری صلاحیت میں بڑی حد تک کمی کے نتیجے میں یونٹس کی بندش اور برآمدات میں کمی واقع ہوئی۔ موسم گرما میں مون سون کی بارشوں سے آنیوالے سیلاب، توانائی کی کمی، زیادہ پیداواری لاگت اور روپے کی قدر میں کمی نے سرکردہ صنعتوں کی مجموعی کارکردگی کو متاثر کیا۔درآمدی پابندیوں نے بھی مینوفیکچرنگ شعبے کو متاثر کیا۔ٹیکسٹائل کی صنعت جو ملک کی کل برآمدات کا 64 فیصد ہے کی برآمدات میں تقریباً 2.2 ارب ڈالر کی کمی ہوئی جس کی وجہ سینکڑوں ٹیکسٹائل یونٹس کی جانب سے توانائی کی کمی اور بڑھتی پیداواری لاگت کی وجہ سے پیداوار کو روکنا تھا۔اپٹما کے سابق چیئرمین عارف احسن نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ حکومت کو سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔