آسٹریلین ہائی کمشنر پاکستانی کپڑے کے معیارسے متاثر

ملتان( نیوز رپورٹر)پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہاہے کہ ملتان آ کر اس بات کا احساس ہوا ہے کہ یہاں پر تیار ہونے والی کپڑے کی مصنوعات کا معیار عالمی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔۔۔

 اوریہاں مصنوعات کی تیاری میں اعلی قسم کا خام مال استعمال کیا جاتا ہے بلکہ منفرد رنگوں کا انتخاب کپڑے کو خوبصورت بنا دیتا ہے ۔ رومی فبیرک ملتان کے دورے کے موقع پر خواجہ جلال الدین رومی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ رومی فبیرک کی مصنوعات اتنی معیاری ہیں کہ اسے ہم دنیا کی کسی بھی اچھی مصنوعات کے مقابلے میں پیش کر سکتے ہیں۔خواجہ جلال الدین رومی نے نیل ہاکنز کو بتایا کہ ہم گزشتہ سات عشروں سے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے وابستہ ہیں اورجدید سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے پوری دنیا میں اپنی مصنوعات بھجوا رہے ہیں۔ ہم آسٹریلیا کی زرعی ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ چاہتے ہیں تاکہ ہم کپاس اور دیگر زرعی شعبوں کو ٹیکنیکل طور پر مزید بہتر کر سکیں۔ انہوں نے جلال الدین رومی فاونڈیشن کے منصوبوں کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ہم جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی منصوبوں کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں غریب و نادار طبقات میں راشن کی فراہمی اور ریلوے سٹیشن پر قلیوں کو کھانا فراہم کر رہے ہیں۔ آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے فاونڈیشن کے خدمت خلق منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے معاشرے میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور لوگوں کا معیار زندگی جلد بہتر ہو سکے گا۔نیل ہاکنز نے ہرقسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں