مظفرآباد — جموں کشمیر لبریشن کمیشن اور جموں ریفیوجیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم شہدا جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ بوائز ڈگری کالج مظفرآباد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔جس میں سیکرٹری حکومت عامر محمود مرزا،سیکرٹری حکومت قاضی عنایت ،چیئرمین ملی فورم ملک محمد اسلم ، ڈائریکٹر لبریشن کمیشن راجہ سجاد،حریت رہنما مشتاق الاسلام ، ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا،ڈائریکٹر لبریشن کمیشن راجہ اسلم ، سابق سیکرٹری حکومت ملک مبشر،سابق سیکرٹری ، حکومت چوہدری بشیر، ڈاکٹر ارشاد، مجاہد خاقان، ملک اسرار ، میڈیا کوآرڈینیٹر سردار علی شان،چیئرمین پاسبان حریت کانفرنس عزیراحمد غزالی،خرم شہزاد، حلیم بیگ، عدنان ملک سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
شہدا جموں کی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری حکومت عامر محمود مرز ا نے کہا کہ جموں کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہمیں نوجوان نسل کو شہدا کی قربانیوں سے آشنا کروانے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے، مہاجرین جموں نے آزاد جموں و کشمیر کو مثالی لیڈر شپ بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ جموں مسلمانان کشمیر کی تہذیب کا ایک مسکن تھا۔
مسلمانوں کی شناخت اور تشخص کو ختم کرنے کے لیے ایک سازش کے تحت ہندوں نے مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ تاریخ کے اس اندوہناک قتل عام کو دنیا میں وہ پذیرائی نہیں مل سکی جو ملنی چاہیے تھی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جموں کشمیر لبریشن کمیشن راجہ سجاد لطیف نے ریاست آزادکشمیر کی ترقی اور فلاح کے لیے مہاجرین جموں کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ جموں کے لوگوں نے پاکستان میں میرٹ اور انصاف کے فروغ کے لئے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ شہدا جموں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چیئرمین ملی فورم ملک اسلم نے کہا کہ جموں کے شہدا کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کا ایک دردناک پہلو ہیں، ہم شہدا کے وارث ہیں او ر ہمیں شہدا کے مشن کی تکمیل کے لیے منظم انداز میں آگے بڑھنا ہوگا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاسبان حریت مشتاق الاسلام نے کہا کہ شہدا جموں کی لازوال قربانیوں کو اجاگر کرنے اور نئی نسل کی آگاہی کے لیے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔تقریب سے حلیم بیگ، شہزاد کاظمی،چوہدری وحید الحسن نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں خصوصی طور پر جموں ریفیوجیز ویلفیر ایسوسی ایشن کے سابق منتظمین و ممبران عبدالمجید سلہریا، عبدالرشید سلہریا، شیخ محمود، چوہدری محمد دین، مجاہد شیراز، عاصم رشید، پرویز اقبال کاظمی کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب کے آخر میں شہدا جموں کے بلندی درجات اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے خصوصی طور پر دعا بھی کی گئی ۔