مظفر آباد — آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر بلدیہ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ 6 نومبر یوم شہدا کے موقع پر ہم تمام شہدا و غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ، لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان سے محبت اور بھارت کے جابرانہ نظام کے خلاف اور جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، 6 نومبر یوم شہدا تجدید عہد کا دن ہے جس طرح جموں کے شہدا نے وطن کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہم بھی ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے تحریک آزادی کشمیر اور بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف اپنی آواز بلند کیے ہوئے ہیں ،جب تک مقبوضہ کشمیر کے نہتے مظلوم کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت مل نہیں جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ،کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج سوشل میڈیا کا دور ہے نوجوان بذریعہ سوشل میڈیا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں اور بھارت کا مکروہ چہرہ ساری دنیا کو دکھائیں،ہماری منزل پاکستان ہے ،وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے نہتے مظلوم کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت مل کر رہے گا۔