مظفر آباد — آزادجموں وکشمیر حکومت کے سابق وزیر مال اور متروکہ املاک اور حکمران اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیرکے سینئر راہنما سردار فاروق سکندر ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز یہاں حکومت آزادکشمیر کے وزراء وزیر لوکل گورنمنٹ راجہ فیصل ممتاز راٹھور،وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک،وزیر تعلیم سکولز سردار دیوان علی خان چغتائی،وزیر مال چوہدری اخلاق،وزیر جنگلات اکمل سرگالہ سے ان کے وزارتوں اور ماتحت اداروں سے متعلق اہم امور کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔
وزیر لوکل گورنمنٹ سے ان کے آفس میں ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے بلدیاتی اداروں کو مزید فعال بنایا جائے اور مقامی سطح پر ترجیحی بنیادوں پر عوام کے مسائل کو حل کرنے اور ان سے کیے گئے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے بلدیاتی نمائندوں کو استحقاق اور ضرورت کے مطابق ضروری فنڈز فراہم کرنے کیلئے اہم اقدامات کیے جائیں۔
دریں اثناء انہوں نے وزیر ہائیر ایجوکیشن سے بھی ملاقات کر کے ان سے ضلع کوٹلی/نکیال کے تعلیمی اداروں کو در پیش مسائل کے حل کیلئے اہم بات چیت کی اور ماڈل سائنس کالج کوٹلی کی سٹاف اور سازوسامان سمیت دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے بارے میں بات چیت کی۔دونوں وزراء نے ان کو بلدیاتی اور تعلیمی اداروں کو در پیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔دریں اثناء سردار فاروق سکندر نے یہاں اپر چھتر میں وزیر تعلیم سکولزدیوان علی خان چغتائی کی رہائشگاہ جاکر ان سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کے علاوہ دیگر دو طرفہ امور کے بارے بات چیت کی۔