یورپی یونین میں بڑھتی مائیگریشن کی روک تھام، پارلیمنٹ اور کونسل میں اہم اصولوں پر اتفاق

یورپی یونین میں مائیگریشن کی بڑھتی ہوئی رفتار کو قابو کرنے اور ہجرت کے مسائل پر ایک مشترکہ نظام کیلئے یورپی پارلیمنٹ اور کونسل آن دی پیکٹ آن مائیگریشن اینڈ اسائلم کے درمیان سیاسی معاہدے میں بڑے اصولوں پر اتفاق ہوگیا۔

اس معاہدے کے تحت درج ذیل بڑے اصولوں پر اتفاق ہوا ہے۔

(1) غیر یورپین شہریوں کی شینگن علاقے میں انکی آمد پر شناخت کے یکساں قوانین بنانا

(2) غیر مجاز نقل و حرکت کا پتہ لگانے کیلئے زیادہ درست اور مکمل ڈیٹا اکٹھا کرنے والا ایک مشترکہ ڈیٹا بیس تیار کرنا 

(3) پناہ، واپسی اور سرحدی طریقہ کار کو تیز تر اور زیادہ موثر بنانا 

(4) اسائلم مائیگریشن منیجمنٹ کے موجودہ نظام کو متوازن کرنے کیلئے رکن ممالک کے درمیان یکجہتی کا ایک نیا طریقہ کار قائم کرنا اور پناہ کی درخواستوں کی ذمہ داری سے متعلق واضح اصول بنانا

(5) کرائسز اینڈ فورس میجیور ریگولیشن کے تحت اس بات کو یقینی بنانا کہ یورپی یونین مستقبل میں تارکین وطن کے کسی بھی بحران کے حالات کا سامنا کیلئے تیار رہے۔

یورپین کمیشن کے مطابق اس ابتدائی اتفاق کے بعد ایک بار جب یہ تجاویز یورپین پارلیمنٹ اور کونسل کی طرف سے باقاعدہ طور منظور ہوجائیں گی تو یہ پھر فوری طور پر قانون کی صورت میں نافذ العمل ہوجائیں گی۔

بتایا جاتا ہے کہ اس اتفاق رائے کو حاصل کرنے میں تین سال کا عرصہ لگا ہے۔ کیونکہ اس کا مقصد ہجرت کے انتظام کیلئے طویل مدتی اور پائیدار حل تلاش کرنا تھا۔

اس معاہدے پر اتفاق کے بعد یورپی کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے کہا کہ یورپی یونین ایک مضبوط کمیونٹی ہے جو درپیش بڑے چیلنجز کا بہترین جواب تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں