پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج ملک بھر میں ’پر امن احتجاج‘ کی کال دی ہے۔ یہ فیصلہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کے نمائندے نے بی بی سی کو بتایا کہ آج اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دن دو بجے ریٹرنگ افسران کے دفاتر کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کا الزام ہے کہ ان کے حمایت یافتہ امیدواروں کے نتائج نو فروری کی رات تبدیل کیے گیے اور ان کی جیت کو ہار میں بدل دیا گیا۔ تاہم اس الزام کے حوالے سے تاحال نگران حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پاکستانی فوج کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن 2024 میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے اعلان میں گھنٹوں کی تاخیر نے اس عمل پر شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے۔ جس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں نے الزام لگایا ہے کہ سیاسی مینڈیٹ کو چوری کی کرنے کوشش کی گئی ہے۔
جمعرات کو ہونے والی پولنگ کے بعد نتائج کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک قومی اسمبلی کے 265 میں سے260 حلقوں کے نتائج کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 93 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ مسلم لیگ ن 75 اور پیپلز پارٹی 54 نشستیں لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ابھی بھی بلوچستان سے قومی اسمبلی کے سات حلقوں کے نتائج کا اعلان ہونا باقی ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے الزام لگایا ہے کہ ان کی پارٹی کے جیتی ہوئی بائیس سیٹوں پر دھاندلی ہوئی ہے جن میں سے تین اسلام آباد، چار سندھ اور باقی صوبہ پنجاب میں ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ایکس پر پی ٹی آئی کی جانب سے ایک پوسٹ میں دن دو بجے لاہور میں لبرٹی چوک اور فیصل آباد میں گھنٹہ گھر جبکہ راولپنڈی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے سامنے جمع ہونے کا کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ، اسلام آباد اور جنوبی پنجاب میں بھی پرامن احتجاج کی کال دی گئی ہے۔
دوسری جانب جمیعت علمائے اسلام اور جماعتِ اسلامی نے بھی احتجاج کی کال دی ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے خبردار کیا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اورکسی بھی غیر قانونی اجتماع کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز قومی اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں کے 43 پولنگ اسٹیشنز پر ہونے والے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔