بالی ووڈ کے مشہور اداکار اجے دیوگن نے معروف فلمساز اور ٹیلی ویژن پرسنالٹی کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن 8‘ کی تازہ ترین قسط میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے اقربا پروری کے بارے میں گفتگو کی۔
یاد رہے کہ کافی ود کرن سیزن 8 ذرا مختلف بات چیت کے شو میں تبدیل ہوگیا، شو میں اداکار اجے دیو گن اور فلمساز روہت شیٹی میزبان کرن جوہر کے ساتھ شریک تھے۔
اس موقع پر اجے دیو گن نے لفظ اقربا پروری کی شہرت کا ذکر کیا اور کہا کہ آج اگر آپ سوشل میڈیا پر جائیں تو اقربا پروری پر کافی کچھ پڑھا جاسکتا ہے، لیکن لوگ یہ نہیں سمجھتے کہ ہمارے بڑوں نے بڑی سخت محنت اور جدوجہد کی جس کے بعد ہم اس مقام پر پہنچے ہیں اور یہ کوئی آسان کہانی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میرے والد ممبئی آئے تو یہاں جگہ بنانے کے لیے بڑی محنت کی۔ پروجیکٹ ناکام ہوتا تو ہر چھ ماہ بعد پروڈکشن ہاؤسز کام مانگنے کے لیے جانا پڑتا تھا۔
انکا کہنا تھا کہ تیس، چالیس سال لگ جاتے ہیں چاہے آپ انڈسٹری کے ہوں یا نہ ہوں۔ جدوجہد تو سب کےلیے برابر ہے۔ سخت محنت تو کرنا ہی پڑتا ہے۔ ہم تو اب بھی سخت محنت کرتے ہیں
اجے نے کہا کہ ان کے دونوں ٹخنے ٹوٹے، لوگ اس سخت جدوجہد کو نہیں دیکھتے۔ انہوں نے کہا جب روہت شیٹی بطور اسسٹنٹ کے آئے تو انکے پاس کھانے کو بھی پیسے نہیں ہوتے تھے۔
روہت کے والد ایم بی شیٹی 70ء کے عشرے میں اسٹنٹ مین، ایکشن کوریوگرافر اور ایکٹر تھے، جب انکا انتقال ہوا تو روہت آٹھ، نو برس کے تھے اور روہت کی والدہ بھی یہی کام کرتی تھیں۔ 17 برس کی عمر سے روہت انڈسٹری میں جدوجہد کرکے اس جگہ پہنچے ہیں۔