بالی وڈ اداکاروں کے ساتھ نظر آنے والے ’اوری‘ جن کے ساتھ تصویر لینے کے لیے لوگ لاکھوں روپے ادا کرتے ہیں

ہدایتکار راجامولی کی فلم ’باہوبلی‘ آنے کے بعد ہر طرف ایک بات کا چرچا تھا کہ ’کٹپا‘ نامی کردار نے باہوبلی کو کیوں مارا؟

اب بالکل اسی انداز میں سوشل میڈیا پر صرف ایک سوال پوچھا جا رہا ہے کہ آخر اورہان اوترمانی عرف اوری کون ہیں جو کئی مشہور شخصیات کے ساتھ مختلف پارٹیوں میں نظر آتے ہیں؟

بالی ووڈ کے فنکاروں کی پارٹی کی تصاویر ہمیشہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی نظر آتی ہیں۔ فوٹو گرافرز کے کیمرے ان ستاروں کی تصاویر لینے کے لیے ہمہ وقت بے تاب رہتے ہیں۔

اب ان کے کیمروں پر سب سے زیادہ کثرت سے آنے والا چہرہ اوری کا ہے۔ وہ پارٹی میں شاید کسی مشہور شخصیت کی تصویر لینا بھول جائیں مگر اوری کو نہیں بھولتے۔

اوری انڈیا کے مشہور بزنس مین سورج اوترمانی اور شہناز اوترمانی کے بیٹے ہیں۔

انھوں نے نیو یارک کے پارسنز سکول آف ڈیزائن سے گریجویشن کیا۔ اپنے بچپن سے ہی وہ کئی دیگر بڑے صنعت کاروں کے بچوں کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ فنکاروں سے رابطے میں رہتے ہیں۔

اپنے لنکڈ ان پروفائل پر وہ خود کو ایک سماجی کارکن بھی کہتے ہیں۔ وہ اپنا تعارف ایک گیت نگار، گلوکار، تخلیقی ہدایت کار اور فیشن سٹائلسٹ کے طور پر بھی کرواتے ہیں۔

شاہ رخ خان کی بیٹی سمیت معروف اداکاروں کے بچوں سے دوستی

 اوری

نیسا دیوگن اور سارہ علی خان سے لے کر جھانوی کپور تک، بہت سے سٹار کڈز اوری کو اپنا بہترین دوست مانتے ہیں۔ وہ اکثر ان سب کے ساتھ پارٹیوں میں بھی موجود ہوتے ہیں۔

اوری کے ساتھ خوشی کپور، اننیا پانڈے، تارا ستاریا تصاویر شیئر کرتے نظر آتے ہیں۔ ان کی شاہ رخ کی بیٹی سہانا کے ساتھ بھی اچھی دوستی ہے۔

اوری کی دوستی صرف بالی ووڈ کے ستاروں تک محدود نہیں بلکہ انھیں امبانی خاندان کی بہو رادھیکا مرچنٹ کے ساتھ بھی دیکھا گیا ہے۔

’کافی ود کرن‘ کے آٹھویں سیزن میں میزبان کرن جوہر نے سارہ علی خان اور اننیا پانڈے سے اس بارے میں پوچھا تھا۔

کافی ود کرن میں اس تذکرے کے بعد اوری ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے گھر پہنچ گئے جہاں سلمان خان نے بھی ان سے پوچھا لیا ’آپ کرتے کیا ہیں؟‘ اس پر اوری نے جواب دیا کہ وہ کام کرتے ہیں۔

اوری مکیش امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ میں خصوصی پروجیکٹ مینیجر کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔

جب اوری کی ’وہ‘ تصویر وائرل ہوئی

نیویارک میں رہائش کے دوران اوری کی ایک ایسی تصویر وائرل ہو گئی جس میں ان کے ساتھ مشہور امریکی فنکار کائلی جینر نظر آئیں۔

کائلی ایک امریکی ماڈل اور بزنس وویمن ہیں۔ اوری ان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر گئے تھے۔

اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد اوری کو ایک شناخت ملی۔

لوگوں میں یہ جاننے کا تجسس تھا کہ کائلی جینر کے ساتھ تصویر میں نظر آنے والا انڈین نوجوان کون ہے اور اس کے بعد بھی یہ رجحان جاری رہا۔

پاپارازیز نے پہلی بار اوری کو جھانوی کپور کے ساتھ انڈیا میں دیکھا۔ اس کے بعد جھانوی کپور کے مداحوں نے سوچا کہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ڈیٹ پر ہیں۔

لیکن بعد میں بہت سے لوگوں نے انھیں نیسا دیوگن کے ساتھ بھی دیکھا جو کاجول اور اجے دیوگن کی بیٹی ہیں۔

اس کے بعد ان کی کئی تصویریں مختلف سٹار کڈز کے ساتھ آئیں۔ اوری کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا جب انھوں نے میٹ گالا ایونٹ کے دوران مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کے ساتھ پوز کیا۔

وہاں سے فوٹوز کا ٹرینڈ شروع ہوا اور اب ہر کوئی اوری کے نام سے بخوبی واقف ہے۔

امبانی خاندان سے واقفیت

اوری

اوری ٹام فورڈ اور پراڈا جیسے بڑے برانڈز کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ ان کے لنکڈ ان پروفائل کے مطابق، وہ ریلائنز انڈسٹریزمیں پروڈکٹ مینیجر کے خاص عہدے پر ہیں۔ یہ بھی ان کے امبانی خاندان سے تعلقات کی ایک وجہ ہے۔

یہی نہیں اوری کے والد بھی ایک نامور بزنس مین ہیں۔ اوری کے والد شراب، ہوٹلوں اور ریئل سٹیٹ کے مالک ہیں۔

اوری کا بچپن بہت خوشگوار اور بے فکری میں گزرا۔ انھوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ایک نامور سکول میں حاصل کی جہاں کیارا اڈوانی جیسے کئی نامور اور جانی شخصیات نے تعلیم حاصل کی ہے۔

اوری نے نیویارک پارسن سکول آف ڈیزائن سے فائن آرٹ اور کمیونیکیشن ڈیزائن میں ڈگریاں حاصل کیں۔

وہاں ان کی ملاقات بالی ووڈ کے ستاروں اور کئی مشہور بزنس مین کے بچوں سے ہوئی۔ یہ سب اوری کے ہم عمر تھے اور انھوں نے ایک ساتھ پڑھا بھی تھا۔

اوری

’میں اپنے آپ پر کام کرتا ہوں‘

جب اوری بگ باس کے گھر میں داخل ہوئے تو بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اوری سے پوچھا کہ وہ روزی روٹی کے لیے کیا کرتے ہیں؟ اس پر انھوں نے جواب دیا کہ ’میں بہت محنت کرتا ہوں۔‘

سلمان خان نے پھر پوچھا ’کیا یہ نائٹ ٹو فائیو والی عام نوکری ہے؟‘ اوری نے جواب دیا کہ وہ اپنے اوپر محنت کرتے ہیں۔

’میں اپنے آپ پر محنت کرتا ہوں۔ میں جم جاتا ہوں، میں خود کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کرتا ہوں، کبھی کبھی میں یوگا کرتا ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں مساج کے لیے جاتا ہوں، میں ورزش کرتا ہوں۔ میں اپنے آپ پر کام کرتا ہوں۔‘

اوری

فوٹو لینے کے 20 سے 30 لاکھ روپے

اوری نے ایک موقع پر سلمان خان کو بتایا کہ وہ کیسے پیسے کماتے ہیں۔ انھوں نے مشہور شخصیات کی پارٹیوں میں جانے کی وجہ بھی بتائی۔

انھوں نے کہا کہ ’مجھے پارٹیوں میں جانے کے لیے پیسے نہیں دینے پڑتے۔ اس کے بجائے لوگ کہتے ہیں کہ میری شادی میں آؤ اور میرے ساتھ ایسا پوز دو۔ میرے گھر والوں کے ساتھ ایسا پوز دو اور پھر فوٹو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرو۔‘

’اس کے لیے مجھے فی وزٹ 20 سے 30 لاکھ روپے ملتے ہیں۔‘ یہ سن کر سلمان خان نے کہا ’کچھ سیکھ سلمان، دنیا کہاں سے کہاں چلی گئی یار۔‘

اوری کے مطابق لوگ ان سے ملنے کے شوقین ہیں اور انھیں لگتا ہے کہ اوری سے مل کر وہ خود کو جوان محسوس کرتے ہیں۔

’میں انھیں چھوتا ہوں تو لگتا ہے کہ وہ بوڑھے ہیں۔ اگر آپ 28 سال کے ہیں تو آپ کو ایسا لگتا ہے کہ آپ 22 سال کے ہیں اور اگر آپ 38 سال کے ہیں، تو آپ 32 کا محسوس کریں گے۔‘

اوری کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگوں نے انھیں بتایا ہے کہ ان سے ملاقات کے بعد بہت سے لوگوں کی صحت کے مسائل کم ہو گئے ہیں۔

اوری سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے لاکھوں مداح ہیں۔ انھیں اپنے فیشن سینس کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ وہ خود کو گلوکار، نغمہ نگار اور فیشن ڈیزائنر کہتے ہیں۔

انھوں نے سلمان خان کو بتایا کہ ان کے پاس تین فون ہیں، ایک وہ صبح استعمال کرتے ہیں، دوسرا دوپہر کو اور تیسرا رات کو۔

اوری نے کہا ’ایک دن ہزار اوری ہوں گے۔ میں اس کی تیاری کر رہا ہوں۔‘ اس پر سلمان نے طنز کیا کہ ’مجھے ہندوستان کا مستقبل دکھائی دے رہا ہے۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں