سجاد علی نے ان کی بہن کا دعویٰ کرنے والی خاتون کو جھوٹا قرار دیدیا

معروف گلوکار سجاد علی نے ان کی بہن کا دعویٰ کرنے والی خاتون کو جھوٹا قرار دے دیا۔ 

اپنے ویڈیو پیغام میں سجاد علی نے کہا کہ کچھ عرصے قبل لوگوں نے میری فیک شادی کروادی تھی، جس کی وجہ سے میرے بیوی بچے مجھ سے ناراض ہوگئے تھے اور کہا تھا کہ میں نے انہیں اپنی شادی میں کیوں نہیں بلایا۔

سجاد علی نے کہا کہ کچھ عرصے قبل ایک صاحب نے اندرون لاہور میرا ایک گھر بنا دیا تھا اور یہ مشہور کرنے کی کوشش کی گئی تھی کہ میں اب ڈیفنس شفٹ ہوگیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے کسی خاتون کو میری بہن بنانے کی کوشش کی اور تھمب نیل ایسے عجیب بنائے ہیں کہ میری بچپن کی تصویر لڑکی کے ساتھ لگا دی حالانکہ بچپن کی اس تصویر میں وہ لڑکی میری بیوی ہے، اس پر کچھ لوگ مزے دار تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

گلوکار نے مزید کہا کہ اب ایک غریب خاتون کو میری بہن بنانے کی کوشش کی گئی ہے، میں چاہوں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتا ہوں مگر وہ غریب عورت ہے، اس لیے میں کوئی کارروائی نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ویڈیو یا تو مشہور ہونے کےلیے بنائی جاتی ہیں یا پھر کسی کو بدنام کرنے کےلیے بنائی جاتی ہیں۔ میں حیران ہوں کہ لوگ اس طرح کے کام کیوں کرتے ہیں، اگر کسی کو مدد کی ضرورت تھی تو منہ سے مانگ لیتا میں ایسے ہی دے دیتا۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل بشریٰ اختر نامی ایک بھیک مانگنے والی خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کلاسیکل موسیقار بڑے غلام علی خان صاحب کی نسل سے ہے اور رشتے میں معروف گلوکار سجاد علی کی بہن ہے، لیکن مالی تنگ دستی کے باعث بھیک مانگنے پر مجبور ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں