بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین کے وکیل نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کی اہلیہ عالیہ عرف انجلی کماری اپنے پہلے خاوند ونے بھرگف کے ساتھ اب بھی رشتے میں ہیں۔
نواز الدین صدیقی کے وکیل نے دہلی میں میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے اداکار اور ان کی اہلیہ کے متعلق تنازع کے متعلق بتایا۔
وکیل ندیم ظفر زیدی کے ہمراہ راشٹریہ ہندو مسلم ایکتا منچ کے صدر ریحان خان بھی موجود تھے۔
وکیل ندیم ظفر کا کہنا تھا کہ انجلی کماری آٹھویں جماعت فیل خاتون ہیں، انہوں نے 2001 میں ونے بھرگف سے شادی کی تھی۔
وکیل نے بتایا کہ وہ ممبئی آئیں اور یہاں انجانا پانڈے نام رکھ لیا، پھر 2010 میں انجانا آنند ہوگئیں، بعد ازاں اسلام قبول کیا اور نام زینب رکھا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ زینب نے نواز الدین سے شادی کی اور 2011 میں باہمی رضامندی سے طلاق لے لی لیکن جیسے ہی اداکار کا کیریئر بلندی کو پہنچا وہ دوبارہ ان کی زندگی میں عالیہ بن کر آگئیں۔
2020 میں انہوں نے طلاق کا نوٹس بھیجا جس کی کوئی تُک نہیں بنتی کیونکہ نواز اور عالیہ پہلے ہی علیحدہ ہوچکے ہیں۔
وکیل نے یہ بھی کہا کہ عالیہ نے اپنی تاریخ پیدائش جعلی لکھوائی ہے، وہ ان کی مارک شیٹ اور پاسپورٹ میں مختلف ہے۔
عالیہ عرف انجانا نے راہول نامی شخص سے 2008 یا 2009 میں شادی کی تھی اور دونوں ممبئی کے فلیٹ میں ساتھ رہ رہے تھے۔
انجانا بہت آگے بڑھنا چاہتی تھیں، انہوں نے ایک گینگ بنایا جس میں ان کی بہن ارچنا پانڈے بھی شامل تھیں۔
ونے بھرگف نے ارچنا پانڈے سے شادی کی جبکہ ارچنا بھرگف پہلے ہی راج کمار شکلا کی اہلیہ تھیں اور ان کی طلاق نہیں ہوئی تھی۔
اسی دوران ونے بھرگف نے انجانا کا نام اپنی اہلیہ کے طور پر محکمہ ریلوے میں لکھوا دیا جو اسکروٹنی کے دوران پکڑا گیا۔
نواز الدین کی اہلیہ عالیہ عرف انجانا، ان کی بہن ارچنا اور ونے بھرگف تینوں نے مل کر محکمہ ریلوے کی سہولتیں حاصل کیں۔