اہلیہ کی شکایت پر نواز الدین کو عدالت نے نوٹس بھیج دیا

بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین کو عدالت نے قانونی نوٹس بھیج دیا۔

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق اداکار نواز الدین کو اُن کی اہلیہ عالیہ صدیقی کی بنیادی سہولتوں کی بندش کی شکایت پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔

دو روز قبل عالیہ صدیقی کے وکیل نے ان کے سسرالیوں پر الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کروایا تھا کہ اداکار اور ان کے اہلخانہ نے گزشتہ ہفتے ان کی موکل کو کھانا، بستر اور نہانے کے لئے باتھ روم جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا، جس پر ممبئی کی اندھیری عدالت نے نواز الدین صدیقی کو نوٹس جاری کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نواز الدین صدیقی کی والدہ مہرونیسا صدیقی نے اپنی بہو کے خلاف مقدمہ درج کرواتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ عالیہ نواز الدین کی بیوی ہیں اور نہ ہی اس کا جائیداد میں کوئی حصہ ہے۔

جس پر عالیہ کے وکیل نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ عالیہ نواز الدین صدیقی کی قانونی طور پر بیوی ہیں جبکہ ان کی ساس نے جائیداد کے تنازع پر مقدمہ درج کروایا اور عالیہ کو اپنے ہی شوہر کے گھر میں بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا ہوا ہے اور اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف کسی قسم کا مقدمہ لڑنے کا کوئی حق یا آزادی نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نواز الدین صدیقی اور ان کی اہلیہ سے جڑے ان تمام مقدمات کی سماعت آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں