گرفتار فواد چوہدری درجنوں پولیس کی گاڑیوں کے حصار میں عدالت بھیج دیے گئے

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کو درجنوں پولیس، سی ٹی ڈی اور نامعلوم گاڑیوں کے حصار میں کینٹ کچہری کی طرف روانہ کر دیا گیا۔

یہ بات پاکستان تحریکِ انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہی گئی ہے جبکہ اس کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔

شیئر کی گئی ویڈیو میں متعدد پولیس موبائلز کو ایک عمارت سے نکل کر کسی سمت جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر کو دھمکایا: اسلام آباد پولیس

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر کو فرائضِ منصبی سے روکنے کے لیے ڈرایا دھمکایا۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری اور ان پر قائم مقدمے کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کا مؤقف سامنے آیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئینی ادارے کی درخواست پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر فواد چوہدری کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہوا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ فواد چوہدری نے ممبران الیکشن کمیشن کو بھی فرائضِ منصبی سے روکنے کے لیے ڈرایا دھمکایا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ فواد چوہدری نے آئینی اداروں کے خلاف شر انگیزی پیدا کرنے کی کوشش کی۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق فواد چوہدری نے آئینی اداروں کے خلاف لوگوں کے جذبات مشتعل کرنے کی کوشش کی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمے پر قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے۔

فواد چوہدری کیخلاف درج FIR کا متن

فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ گزشتہ رات تھانہ کوہسار میں سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی درخواست پر درج کیا گیا۔

درج کی گی ایف آئی آر کے مطابق فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی حیثیت ایک منشی کی ہو گئی ہے، جو لوگ نگراں حکومت میں لگ رہے ہیں ان کا سزا ہونے تک پیچھا کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت میں شامل لوگوں کو ان کے گھروں تک چھوڑ کر آئیں گے۔

ایف آئی آر کے مطابق فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن، اس کے ممبران اور ان کے خاندانوں کو وارن کرتے ہیں۔

گرفتار فواد چوہدری کے ساتھ کیا ہو گا؟

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو اسلام آباد منتقل کرنے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اسلام آباد پولیس فواد چوہدری کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں