آسمان سے گرتے سفید موتی، چاروں طرف سفیدی، سہانا موسم اور چھٹی کا دن، ملکۂ کوہسار مری، آزاد کشمیر کی نیلم ویلی اور سوات کے سیاحتی مقامات کے حسن نے سیاحوں کو سحر میں جکڑ لیا۔
ملکۂ کوہسار مری سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کے باعث متعدد مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔
ملکۂ کوہسار مری اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، شدید سردی کے باعث مقامی افراد گھروں تک محدود ہو گئے، درجۂ حرارت منفی 4 ڈگری تک گر گیا۔
مری میں سیاحت کی رونقیں پوری آب و تاب سے بحال ہیں، رات دیر تک مختلف علاقوں سے آئے سیاح سڑکوں پر موسم کا مزہ لیتے رہے۔
وقفے کے بعد صبح پھر برف پڑنا شروع ہوئی تو سیاح ہوٹلوں سے نکل پڑے۔
گورکھ ہل میں 2 سال بعد برف باری
سندھ کا مری کہلائے جانے والے گورکھ ہل اسٹیشن پر بھی ہلکی برف باری ہوئی جس کے باعث یہاں کا درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا۔
گورکھ ہل اسٹیشن کے انچارج جمن جمالی کے مطابق گورکھ ہل اسٹیشن پر 2 سال کے بعد برف باری ہوئی ہے ۔
آزاد کشمیر میں برفباری سے موسم سرد ترین
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آبادسمیت شمالی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو رہی ہے۔
آزاد کشمیر کی وادیٔ لیپا، وادیٔ نیلم، باغ، راولا کوٹ اور حویلی کے بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث متعدد شاہراہیں بند ہو گئیں۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق برف جمع ہونے کے باعث بالائی نیلم شاہراہ شاردہ سے تاؤ بٹ کیل سے بند، ہٹیاں سے وادیٔ لیپا شاہراہ ریشیاں کے مقام سے بند ہے۔
بابوسر ٹاپ، نانگا پربت، بھٹو گاہ، داریل، تانگیر، گوہر آباد، نیاٹ وادی میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔
گلگت بلتستان بھی برف کی آغوش میں
دیامر سمیت گلگت بلتستان کے بیشترحصوں میں بارشوں اور بالائی مقامات پر برف باری جاری ہے۔
دیامر میں شدید برف باری کے بعد بالائی علاقوں کا رابطہ منقطع ہو گیا۔
چلاس شہر اور گرد و نواح میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے موسم مزید سرد ہو گیا۔
سیاحتی مقامات بابو سر ٹاپ، فیئری میڈو، نانگا پربت بٹوگاہ ٹاپ پر بھی برف باری ہوئی ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کے عوام کی دشواریوں میں اضافہ ہوا ہے۔
استور کے بالائی علاقوں میں جاری برف باری سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا،کئی بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی بد ستور بندہیں۔
استورمیں آٹے اور لکڑی کی شدید قلت بھی پیدا ہو چکی ہے جبکہ سردی اور برف باری سے نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔
شمالی وزیرستان کے بالائی علاقے رزمک میں ہلکی برف باری ہوئی ہے۔
سوات، کالام، مہو ڈھنڈ اور گبرال میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔
برف باری کے بعد کالام مہوڈھنڈ شاہراہ آمد و رفت کے لیے بند ہو گئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔
پارا چنار شہر و ملحقہ میدانی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث موسم سرد ہو گیا۔
صوبۂ خیبر پختون خوا کے ضلع باجوڑ میں موسم آبر الود ہے جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
بلوچستان میں کڑاکے کی سردی
کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کڑاکے کی سردی کی لپیٹ میں ہے۔
زیارت میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 11، قلات میں منفی آٹھ، کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
کراچی میں درجۂ حرارت 10 ریکارڈ
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 10 ریکارڈ کیا گیا۔
ایس ڈی ایم اے کی جانب سے برف باری سے متاثرہ علاقے کے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، انتہائی ضروری سفر دن کے اوقات میں کریں، برفانی علاقوں میں فور بائی فور گاڑی ٹائروں پر چین لگا کر استعمال کریں۔