لاہور کے جی پی او چوک پر سول عدالتوں کی منتقلی اور وکلا پر دہشتگری کے مقدمات کے خلاف وکلا کے احتجاج پر پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی ہے۔
احتجاج کے دوران وکلا نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر پولیس کی جانب سے رکھی جانے والی رکاوٹیں ہٹا کر ہائیکورٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے وکلا کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی اسی دوران پولیس کی جانب سے وکلا مظاہرین کے خلاف واٹرکینن کا استعمال بھی کیا گیا۔
مظاہرے میں شامل کئی کئی وکلا کو پولیس نے گرفتار بھی کیا جب کہ پولیس نے رکاوٹیں رکھ کر لاہور ہائیکورٹ کے مین گیٹ کا راستہ بھی بند کر دیا، وکلا کے مظاہرے سے متعلق سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہائیکورٹ کے احاطے میں بھی پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔
اس کشیدہ صورتحال کی وجہ سے جی پی او چوک پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔