ایرانی میزائل حملوں سے ہونے والے نقصان کے بارے میں تفصیلات اکھٹی کی جارہی ہیں: کمشنر مکران ڈویژن

بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع پنجگور میں ایران کی جانب سے فائر کیئے جانے والے میزائل سبزکوہ کے علاقے میں گرے ہیں۔ کمشنر مکران ڈویژن سعید عمرانی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ہونے والے نقصان کے بارے میں تفصیلات اکھٹی کی جارہی ہیں تاہم اب تک وہاں دو بچوں کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔

پنجگور میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جس علاقے میں یہ میزائل گرے ہیں وہ آبادی والا علاقہ ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سبزکوہ پنجگور شہر سے اندازاً 90 کلومیٹر دور ایران کے سرحد کے قریب واقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں دو بچوں کی ہلاکت کے علاوہ بعض افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پنجگور بلوچستان کے ان پانچ اضلاع میں شامل ہے جن کی سرحدیں ایران سے لگتی ہیں۔ پنجگور انتظامی لحاظ سے مکران ڈویژن کا حصہ ہے۔

پنجگور اور اس سے متصل مکران ڈویژن کے دوسرے ضلع کیچ میں پہلے بھی ایران کی جانب سے فائر کیے جانے والے میزائل اور گولے گرتے رہے ہیں جن میں ہلاکتیں بھی ہوتی رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں