2023ء: پاکستانیوں نے گوگل پر سب سے زیادہ کسے ڈھونڈا؟

انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے گوگل سرچ انجن پر رواں برس سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی شخصیات، چیزوں، جگہوں کی فہرست سامنے آ گئی۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی گوگل نے دسمبر میں انٹرنیٹ پر صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی چیزوں کی فہرست جاری کی ہے، جس میں پاکستان کے حوالے سے 8 کیٹیگریز ہیں۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مذکورہ فہرست ٹرینڈنگ سرچز سے مرتب کی جاتی ہے۔

رواں سال پاکستان میں سب سے زیادہ کھیلوں، شخصیات، خبروں، فلموں، ٹی وی پروگرامز، تقریبات، کھانے بنانے کی تراکیب سے متعلق خبریں ٹرینڈنگ میں رہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان میں ٹیکنالوجی اور ’کیسے کیا جائے‘ سے متعلق سرچز بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

کھیل:

پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین نے کھیلوں کی خبروں میں سب سے زیادہ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ کے کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ کی اپڈیٹ ڈھونڈی جبکہ پاکستان بمقابلہ افغانستان اور پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا سے متعلق سرچز سرِ فہرست رہیں۔

تقریبات:

تقریبات میں سب سے زیادہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق معلومات تلاش کی گئیں جبکہ دوسرے نمبر پر ورلڈ کپ اور تیسرے پر ایشیاء کپ 2023ء سے متعلق خبریں اور اپڈیٹ رہیں۔

ٹی وی پروگرامز اور فلمیں:

پاکستانیوں نے گوگل پر سب سے زیادہ ہالی ووڈ فلم اوپن ہائمر تلاش کی جبکہ دوسرے نمبر پر شاہ رخ خان کی فلم جوان، تیسرے نمبر پر پٹھان اور چوتھے نمبر پر ہالی ووڈ فلم بار بی کو ڈھونڈا۔

خبریں:

پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ فلسطین میں اسرائیلی حملوں سے متعلق خبریں تلاش کی گئیں۔

دوسرے نمبر پر احساس پروگرام کی معلومات، تیسرے نمبر پر ٹک ٹاکر علیزہ سحر کی لیک ہونے والی ویڈیو سے متعلق معلومات تلاش کی گئی۔

شخصیات:

شخصیات کی کیٹیگری میں پاکستانیوں نے سب سے زیادہ ٹک ٹاکر حریم شاہ کو گوگل پر تلاش کیا، دوسرے نمبر پر علیزہ سحر رہیں، تیسرے نمبر پر بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف ہے۔

کھانوں کی تراکیب:

کھانوں کے شوقین اور سموسوں کی بڑھتی قیمت سے پریشان پاکستانیوں نے رواں سال حیرت انگیز طور پر انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سموسہ بنانے کی تراکیب کو ڈھونڈا، ان میں بیشتر صارفین کا تعلق اسلام آباد سے تھا جبکہ سموسوں کی تلاش میں صوبہ سندھ اور پنجاب بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

کیسے کیا جائے:

پاکستانیوں نے سب سے زیادہ واٹس ایپ پر چینلز بنانے کا طریقہ تلاش کیا کہ ’واٹس ایپ چینل کیسے بنایا جاتا ہے؟‘، جبکہ دوسرے نمبر پر پاکستانیوں نے ’کینیڈا کے ویزے کے لیے درخواست کیسے دی جاتی ہے؟‘، تلاش کیا اور تیسر نمبر پر ’پھولوں کو تر و تازہ کیسے رکھا جاتا ہے؟‘ تلاش کیا۔

ٹیکنالوجی:

اس کے علاوہ ٹیکنالوجی کی کیٹیگری میں پاکستانیوں نے سب سے زیادہ چیٹ جی پی ٹی سے متعلق معلومات تلاش کیں جبکہ دوسرے نمبر پر ریئلٹی گیم شو تماشہ گھر اور تیسرے نمبر پر چینی اسمارٹ موبائل کے نوٹ سیریز کے فونز سے متعلق سرچ کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں