انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کی صدر مرجانا سپولجارک ایگر کا کہنا ہے کہ غزہ کی صورتِ حال ناقابل بیان ہے۔
مرجانا سپولجارک ایگر نے غزہ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی صورتِ حال عالمی برادری کی اخلاقی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں شدید زخمی بچے ہیں، جن کے والدین مر چکے ہیں، زخمی بچوں کی مرہم پٹی اور دلاسہ دینے والا کوئی نہیں، غزہ کے زخموں کا مداوا چند ٹرک بھیجنے سے نہیں ہو گا۔
صدر آئی سی آر سی کا کہنا ہے کہ غزہ میں خواتین، بوڑھے اور بچے بار بار اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہیں، غزہ میں لوگوں کو چند دنوں میں کئی بار اپنا ٹھکانہ چھوڑنا پڑتا ہے۔
مرجانا سپولجارک ایگر نے کہا کہ لوگوں کی اکثریت اپنے اعضاء کھو چکی اور علاج کی سہولت بھی نہیں۔ ہمیں شہریوں، قیدیوں، یرغمالیوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ غزہ کے لوگوں کی تکالیف اور مصائب صرف ہم دور نہیں کر سکتے، غزہ کے مسئلے کا انسانی اور سیاسی حل بھی تلاش کرنا ہو گا۔