اسرائیلی فوج جنوبی غزہ میں داخل، فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 15 ہزار سے تجاوز کر گئی

غزہ میں تین دن کی شدید بمباری کے بعد اب اسرائیلی افواج جنوبی غزہ میں داخل ہو رہی ہیں۔

اس بات کی تصدیق اسرائیلی فوج کے ریڈیو کی ابتدائی رپورٹس سے ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے خان یونس کے شمال میں زمینی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

بی بی سی نے خان یونس شہر کے قریب موجود اسرائیلی ٹینک کی تصاویر کی بھی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی ڈیفینس فورس آئی ڈی ایف کے سربراہ ہرزی حلیوی نے فوجیوں کو اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ آئی ڈی ایف جنوبی غزہ میں بھی بھرپور طریقے سے جنگ لڑ رہی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلیوی غزہ ڈویژن میں فوجی مقاصد اور آئی ڈی ایف کی طرف سے حماس کے کمانڈروں کی ہلاکت کے بارے میں بات کر رہے تھے۔

انھوں نے فوجیوں سے کہا: ’ہم نے غزہ کی پٹی کے شمال میں اپنی پوری طاقت سے لڑائی کی اور اب ہم جنوبی غزہ کی پٹی میں بھی یہی کر رہے ہیں۔‘

آئی ڈی ایف کے ترجمان نے بعد میں تصدیق کی کہ ’اسرائیل نے غزہ کے تمام علاقوں میں ’زمینی دراندازی کو بڑھانے کا سلسلہ جاری ہے، جس میں فوجیوں کی عسکریت پسندوں کے ساتھ دو بدو(آمنے سامنے) جنگ کا سلسلہ بھی شامل ہے۔‘

ایک ہفتے سے جاری عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد جمعے سے اسرائیل نے غزہ پر بڑے پیمانے پر بمباری کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا ہوا ہے جسے خان یونس کے رہائشیوں نے حملوں کی اب تک کے سب سے مہلک حملے قرار دیا ہے۔

عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری دوبارہ شروع کی گئی ۔ آئی ڈی ایف نے کہا کہ اس نے نئے آپریشن کے پہلے دن حماس کے 400 سے زیادہ ’دہشت گردی کے اہداف‘ کو نشانہ بنا گیا ہے۔۔

سنیچر کی شام ایک بریفنگ میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے حماس کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے ’تمام اہداف حاصل کرنے‘ تک اسرائیلی فوجی آپریشن جاری رکھنے کا عہد کیا۔

تاہم انھوں نے تسلیم کیا کہ ’ایک سخت جنگ ہمارے سامنے ہے۔‘

سات روزہ جنگ بندی میں حماس نے غزہ میں قید 110 یرغمالیوں کو رہا کیا جس کے بدلے میں 240 فلسطینیوں کو اسرائیلی جیلوں سے آذاد کیا گیا۔

اتوار کی صبح اسرائیلی فوج نے خان یونس کے کئی اضلاع سے انخلاء کے احکامات جاری کرتے ہوئے لوگوں کو فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کی ہدایت کی۔

اسرائیلی حکام کے مطابق حماس کی قیادت کے کئی ارکان شہر میں چھپے ہوئے ہیں، جہاں لاکھوں افراد جنگ کے ابتدائی مراحل میں نقل مکانی کے بعد پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے ایک مشیر نے کہا کہ اسرائیل عام شہریوں کی جان بچانے کے لیے ’زیادہ سے زیادہ کوششیں‘ کر رہا ہے۔

’ان کے لیے کہیں محفوظ جگہ نہیں حتیٰ کہ یہ ہسپتال بھی نہیں‘

غزہ میں لوگوں کی تباہ حالی
،فضائی حملوں کے دوران ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کے جنازے میں لواحقین کے ساتھ خان یونس کے نصر ہسپتال کا طبی عملہ دعا گو ہے

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف سے منسلک جیمز ایلڈر نے غزہ میں عارضی جنگ بندی کے بعد ہونے والی بمباری کو بے لگام اور تباہ کن قرار دیا ہے۔

جیمز ایلڈر نے بی بی سی کو جنوبی غزہ کے ایک ہسپتال کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اس علاقے میں مسلسل اپنی بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔

’اسرائیل کی مسلسل بمباری کا نہ تھمنے والا سلسلہ تباہ کن ہے اور بڑے سائز کے بم مسلسل جنوب کے مختلف حصوں میں گر رہے ہیں۔‘

جیمز ایلڈرآج صبح نصر میڈیکل ہسپتال میں تھے جسے وہ ’وار زون‘ قرار دیتے ہیں۔

’یہ ایک ایسا ہسپتال ہے جہاں میں باقاعدگی سے جاتا ہوں اور بچے اور ان کے خاندان اب مجھے جانتے ہیں۔ اب وہی لوگ میرا ہاتھ تھام کے یا قمیض کا کونا پکڑ کر کہہ رہے ہیں کہ براہ کرم ہمیں کہیں محفوظ جگہ لے جائیں۔ بدقسمتی سے اس کا واحد جواب یہ ہے کہ ان کے لیے کہیں بھی محفوظ جگہ نہیں حتیٰ کہ یہ ہسپتال بھی نہیں جہاں لوگ صحت یاب ہونے کے لیے آتے ہیں۔

’کئی بچے ایسے آ رہے ہیں جن کے سر پر چوٹیں لگی ہیں۔ کچھ ان خطرناک بموں کے باعث خوفناک حد تک جھلس چکے ہیں ۔‘

غزہ میں لوگوں کی تباہ حالی

عام شہریوں کی جانوں کی حفاظت اسرائیل کی اخلاقی ذمہ داری ہے: امریکہ

غزہ کی وزارت صحت نے جنگ میں ہلاکتوں کے تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر ساڑھے پندرہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایک نیوز کانفرنس میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے کہا کہ سات اکتوبر سے اب تک 41 ہزار سے زیادہ فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

امریکہ نے اسرائیل پرزور دیا ہے کہ وہ غزہ میں عام شہریوں کی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کیلیفورنیا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اسرائیل کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ عام شہریوں کی جانوں کی حفاظت کرے۔‘

امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ’اگر آپ انھیں دشمن کے حوالے کر دیں گے تو اس حکمت عملی سے آپ اپنی فتح کو شکست میں بدل دیتے ہیں۔‘

انھوں نے اس بات پربھی زور دیا کہ ’امریکہ اپنے دنیا میں سب سے قریبی دوست کے ساتھ کھڑا رہے گا۔‘ تاہم انھوں نے اسرائیلی حکام پر غزہ کی انسانی امداد تک رسائی کو بڑھانے کے لیے بھی دباؤ ڈالا۔

ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی افواج نے عارضی جنگ بندی کے ختم ہوتے ہی جنوبی غزہ میں اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔

وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کےخطاب سے امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اپنے خطاب میں جنگ کے دوران مصائب کے پیمانے کو ’تباہ کن‘ قرار دیا اور کہا کہ اس جنگ میں بہت سے بے گناہ فلسطینی مارے گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق جنگ کے باعث غزہ کی پٹی میں ہر پانچ میں سے چار افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں رہنے والے 22 لاکھ میں سے تقریباً 18 لاکھ افراد اندرونی نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے حالیہ بیان کے مطابق ’بے گھر ہونے والوں کی درست تعداد کا تعین مشکل ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہے کہ لبنان کی سرزمین سے ہونے والے حملوں میں اسرائیل ڈیفینس فورس کے بعض فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔

اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ لبنانی سرزمین سے ٹینک شکن میزائل حملے میں اس کے کئی فوجیوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں جبکہ حملے میں لبنان کی سرحد سے چند میل کے فاصلے پر شمالی اسرائیل کے علاقے بیت ہلیل میں ان کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔

تاہم اسرائیل نے زخمی فوجیوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں ۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی افواج لبنان کے اس علاقے پر بمباری کر رہی ہیں جہاں سے میزائل داغا گیا تھا۔

تازہ حملوں
،تازہ حملوں میں زخمی ایک بچی کو خان یونس کے النصر ہسپتال لایا جا رہا ہے

اسرائیل نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس پر شدید فضائی حملے کیے ہیں اور رہائشیوں نے اسے اب تک کی سب سے بھاری بمباری قرار دیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے شہر کے مشرقی علاقوں کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ مزید جنوب کی طرف نکل جائیں۔

اسرائیل کا خیال ہے کہ حماس کے کچھ رہنما شہر میں موجود ہیں، جہاں بہت سے شہری شمالی علاقوں سے فرار ہونے کے بعد پناہ لیے ہوئے ہیں۔

غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی تازہ ترین لہر میں کم از کم 193 افراد مارے گئے ہیں۔

اسرائیل کی دفاعی افواج آئی ڈی ایف نے جمعے کو غزہ میں حماس کے خلاف دوبارہ اپنی کارروائی شروع کیں۔ اس سے قبل اس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر ہونے والے حملوں کے جواب میں فوجی کارروائی شروع کی تھی۔ اسرائیل کے خلاف حملے میں تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

موسم سرما کی بارش نے پناہ گزینوں کی مشکلات میں دو چند اضافہ کر دیا ہے
،موسم سرما کی بارش نے پناہ گزینوں کی مشکلات میں دو چند اضافہ کر دیا ہے

ترکی کے صدر کا سخت مؤقف

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ حماس کے خاتمے کا منصوبہ حقیقت پسندانہ نہیں ہے۔

ترکی کے نشریاتی ادارے این ٹی وی کے مطابق اردوغان نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی میں وقفے کے بعد غزہ میں امن کا موقع اسرائیل کے ’نہ سمجھوتہ کرنے والے رویّے‘ کی وجہ سے ضائع ہو گیا ہے۔

این ٹی وی کے مطابق اردوغان نے کہا کہ ’ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم انسانی بنیادوں پر (جنگ میں) توقف کے بجائے مستقل جنگ بندی کے حق میں ہیں۔۔۔ یہاں امن کا ایک موقع تھا اور بدقسمتی سے ہم نے اسرائیل کے نہ سمجھوتہ کرنے والے رویّے کی وجہ سے موقع بھی کھو دیا ہے۔‘

خیال رہے کہ 24 نومبر کو شروع ہونے والی جنگ بندی میں دو بار توسیع کی گئی تھی۔ سات دنوں کی جنگ بندی کے دوران خواتین، بچوں اور غیر ملکی یرغمالیوں کے ساتھ ساتھ متعدد فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کیا گیا لیکن ثالث مزید رہائی یا جنگ میں وقفے کا کوئی فارمولا تلاش کرنے میں ناکام رہے۔

خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق انھوں نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی پر دبئی میں ہونے والی سی او پی 28 کے اجلاس سے واپسی پر کہا کہ ترکی غزہ کی پٹی میں نسل کشی پر اسرائیل کو سزا دینے کے لیے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں ہر ممکن کوشش کرے گا۔

انھوں نے کہا: ’ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (اسرائیل) کو اس نسل کشی کے لیے سزا دے۔ یہ نہ صرف (اسرائیلی وزیر اعظم) نتن یاہو کی حکومت پر بلکہ ان ممالک پر بھی سیاہ دھبہ ہے جو اس کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں۔ اور وہ بھی آنے والے برسوں تک اپنی خاموشی کی قیمت ادا کریں گے۔‘

غزہ

سنیچر کی شام ایک بریفنگ میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے حماس کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے ’تمام اہداف حاصل کرنے‘ تک اسرائیلی فوجی آپریشن جاری رکھنے کا عہد کیا۔

تاہم انھوں نے تسلیم کیا کہ ’ایک سخت جنگ ہمارے سامنے ہے۔‘

ہسپتالوں کی راہداریوں میں خون

جنگ بندی سے پہلے کے مرحلے میں فلسطینیوں کو شمالی علاقوں کو خالی کرنے کے لیے کہا گیا تھا اور لاکھوں شہریوں نے وہاں سے فرار اختیار کیا تھا اور جنوبی علاقوں میں پناہ لی تھی۔ شمالی غزہ کا علاقہ جنگ کے ابتدائی مراحل میں اسرائیل کا بنیادی ہدف تھا۔

آئی ڈی ایف کے عربی زبان کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر نقشے شائع کیے جس میں بتایا گیا کہ شہریوں کو کن علاقوں سے نکل جانا چاہیے، خان یونس کے مشرق کے علاقوں کے لوگوں کو مزید جنوب میں رفح میں پناہ گاہوں کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی ہے جس سے زمینی حملے کے آغاز کا اشارہ ملتا ہے۔

کئی ہفتوں کی لڑائی کے بعد فلسطینی علاقے غزہ میں محدود وسائل کے ساتھ کام کرنے والے ہسپتال جانی نقصان سے بھر گئے ہیں یہاں تک کہ خان یونس کے ناصر ہسپتال میں کچھ مریضوں کا فرش پر علاج کیا جا رہا ہے۔

چار بچوں کی ماں سمیرا نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بمباری کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے ’خوفناک ترین رات تھی۔‘

انھوں نے کہا کہ ’پچھلے چھ ہفتوں میں جب سے ہم یہاں پہنچے ہیں یہ ان بدترین راتوں میں سے ایک تھی جو ہم نے خان یونس میں گزاری ہیں۔۔۔ ہمیں بہت ڈر ہے کہ وہ خان یونس میں داخل ہو جائیں گے۔‘

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر سنیچر کے روز خان یونس میں تھے۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ فضائی حملہ دوبارہ شروع ہونے سے پہلے ہی ہسپتال مہلوکین اور زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ راہداریوں میں خون بہہ رہا ہے، وہاں مائیں ایک بار پھر اپنے بچوں کو اٹھائے ہوئے ہیں جو بظاہر مردہ لگتے ہیں۔’

خیراتی ادارے فلسطینی ہلال احمر نے تصدیق کی ہے کہ سنیچر کے روز مصر سے 100 امدادی لاریوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے لیکن جمعہ کے روز علاقے میں انسانی بنیادوں پر کوئی سامان نہیں بھیجا گیا۔

قطر
،قطر میں ہونے والے امن مذاکرات بند ہو گئے ہیں

جنگ بندی کے مذاکرات بند

ایک اور عارضی جنگ بندی کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے اور سات اکتوبر کو اغوا کیے گئے لوگوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے بات چیت سنیچر کے روز ختم ہو گئی۔

مذاکرات سے واقف ایک فلسطینی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ مذاکرات مکمل طور پر تعطل کا شکار ہیں، کوئی رابطہ یا کسی نئے جنگ بندی کے منصوبے تک پہنچنے کی کوشش نہیں کی گئی۔

سنیچر کے روز اسرائیل نے اعلان کیا کہ وہ موساد انٹیلی جنس سروس کے اپنے مذاکرات کاروں کو قطر میں جاری مذاکرات سے نکال رہا ہے۔ یہ ایجنٹ ’مذاکرات میں تعطل‘ کے بعد ثالثی کا کام کررہے ہیں۔

حماس کے سیاسی بیورو کے نائب سربراہ صالح العروری نے سنیچر کے روز نیوز چینل الجزیرہ کو بتایا کہ ’اب کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں‘ اور جنگ ختم ہونے تک اسرائیل کے ساتھ مزید قیدیوں کا تبادلہ نہیں کیا جائے گا۔

امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے مصر کے صدر سے ملاقات میں کہا کہ ’امریکہ کسی بھی صورت میں غزہ یا مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی، غزہ کا محاصرہ کرنے یا سرحدوں کو دوبارہ طے کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔‘

لیکن انھوں نے امریکی موقف کو بھی دہرایا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس سی او پی 28 کے موقع پر دبئی میں اپنی ملاقات کے دوران انھوں نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے کہا کہ امن کی کوششیں صرف اسی صورت میں کامیاب ہو سکتی ہیں جب ’فلسطینی عوام کے لیے ایک واضح سیاسی افق کے ساتھ ایک نئی فلسطینی اتھارٹی کے زیر قیادت ایک فلسطینی ریاست کے قیام کی طرف قدم بڑھایا جائے۔‘

سنیچر کے روز اپنی مسٹر نتن یاہو نے خواتین اور بچوں کے ساتھ ساتھ کچھ غیر ملکی یرغمالیوں پر مبنی 110 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی تعریف کی۔

انھوں نے ان کے لیے ’جہنم سے واپسی پر خوش آمدید‘ کہا۔

ان یرغمالیوں کو 240 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے رہا کیا گیا ہے۔ ان رہا کیے جانے فلسطینیوں میں خواتین اور نوجوان شامل ہیں۔

غزہ میں باقی تقریباً 140 یرغمالیوں میں سے زیادہ تر مرد اور فوجی اہلکار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں