عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت سے قبل اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات

سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف سائفر مقدمے کی سماعت آج راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہو گی اور خصوصی عدالت کے جج ابواحسنات محمد ذوالقرنین اس مقدمے کی سماعت کریں گے۔

آج کی عدالتی کارروائی سے متعلق جج کا یہ کہنا تھا کہ آج صرف ملزمان کی حاضری لگائے جائے گی اور آئندہ سماعت پر ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی اور اس کے ساتھ ملزمان کو مقدمے کے چالان کی نقول بھی فراہم کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق آج اس سماعت کو اوپن ٹرائل ہونا چاہیے اور اس مقدمے کی سماعت کرنے والے جج نے بھی اپنے حکم نامے میں یہی کہا تھا کہ مقدمے کا اوپن ٹرائل ہو گا اور جو بھی آ کر اس کو دیکھنا چاہے وہ آ کر دیکھ سکتا ہے۔

تاہم نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اب صورت حال یہ ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر اس وقت سکیورٹی کی سخت صورت حال ہے اور ملکی اور بین الاقوامی میڈیا بھی اڈیالہ جیل کے باہر موجود ہے تاہم دیکھنا یہ ہے کہ ان میڈیا کے ارکان اور وکلا کی بڑی تعداد کو مقدمے کی سماعت کے دوران اندر جانے کی اجازت دی جاتی ہے یا نہیں۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں سائفر کیس کی اس سے پہلے کی سماعت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس مقدمے کی سماعت از سرِ نو ہوگی۔

اس مقدمے میں پراسکیوشن کے 27 گواہان ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں