غزہ جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع ہوگئی، قطری وزارت خارجہ

قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع ہوگئی۔ جنگ بندی کے دوران مزید قیدیوں کی رہائی کے لیے فہرست تیار کی جا رہی ہے۔

قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر کی کوشش ہے عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں تبدیل ہو جائے۔

اس حوالے سے حماس کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں دو روز کی توسیع پر قطر، مصر سے اتفاق کر لیا ہے

حماس کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں دو روزہ توسیع کی شرائط پہلی والےجنگ بندی معاہدے جیسی ہی ہیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے بھی غزہ جنگ بندی میں توسیع کی تصدیق کردی ہے۔

وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل حماس جنگ بندی میں توسیع پر رضا مند ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ غزہ میں چار روزہ عارضی جنگ بندی کا آخری دن تھا، جنگ بندی میں توسیع کے لیے امریکا، یورپی یونین، مصر، قطر کی جانب سے کوششیں کی گئیں۔

اس سے قبل مصر کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں مزید 2 روز کی توسیع کے قریب ہیں، اس دوران 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 60 فلسطینی قیدی رہا ہوں گے، چار روزہ عارضی جنگ بندی میں تین روز کے دوران حماس نے 39 اسرائیلی یرغمالیوں اور اسرائیل نے 117 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔

حماس نے 17 تھائی، ایک فلپائنی اور ایک اسرائیلی روسی شہری کو بھی رہا کیا، اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ بندی میں ممکنہ توسیع کا خیرمقدم کرنے کے ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ عارضی جنگ بندی ختم ہوتے ہی پوری طاقت سے غزہ پر دوبارہ حملے کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں