سرکاری اسکیم کے تحت حج کے لیے درخواستوں کی وصولی شروع ہو گئی۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج درخواستوں کے لیے 15 بینکوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، حج درخواستیں 15 بینکوں میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی آج سے 12 دسمبر تک جاری رہے گی، آئندہ سال 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔
خواتین پہلی مرتبہ محرم کے بغیر حج ادا کر سکیں گی، مقررہ تعداد سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔
وزارتِ مذہبی امور نے کہا ہے کہ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 25 ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، اس اسکیم کے تحت درخواستیں ڈالرز کے ہمراہ بیرونِ ملک سے جمع کرانی ہوں گی۔
اسپانسر شپ اسکیم کے تحت درخواست دہندہ یا ان کے عزیز و رشتے دار قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
دسمبر 2024ء تک کارآمد شناختی کارڈ پر ہی حج درخواستیں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق پاسپورٹ اپلائی کرنے کے ٹوکن پر بھی حج درخواست پراسیس ہو سکے گی۔
وزارتِ مذہبی امور کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 25 ہزار نشستیں ’پہلے آئیے پہلے پائیے‘ کی بنیاد پر جمع ہوں گی۔