لاہور سمیت پنجاب بھر میں اسموگ کی شرح خطرناک حد تک جا پہنچی، اسموگ کی روک تھام کے لیے نگراں پنجاب حکومت نے بڑے فیصلے کرتے ہوئے لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت 6 اضلاع میں جمعے اور ہفتے کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب کی نگراں حکومت کے فیصلوں کے مطابق اتوار کو ہر طرح کا کاروبار بند رکھنا ہو گا، جمعے اور ہفتے کو مارکیٹیں دن 3 بجے کھلیں گی۔
اجلاس کے بعد نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 29 نومبر کو لاہور کی طرف بادل آئے تو مصنوعی بارش کی کوشش کریں گے، لوگوں کو سبسڈی پر الیکٹرک موٹر سائیکل دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرِ صدارت کیبنٹ کمیٹی برائے انسدادِ اسموگ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکاء کو اسموگ کی موجودہ صورتِ حال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مارکیٹس بلکل بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی کا کیا کہنا ہے؟
پریس کانفرنس میں نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ 6 اضلاع میں اسموگ کی شدید اثرات ہیں، جمعے اور ہفتے کو تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن اسموگ سے زیادہ متاثر ہیں۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ 10 ہزار طلباء کو سبسڈی پر ای بائیکس دیں گے، سرکاری ملازمین کو بھی قسطوں پر ای بائیکس دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ ڈبل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اے کیو آئی لیول صبح میں زیادہ، دوپہر میں کم ہوتا ہے، مارکیٹیں رات تک کھولیں کوئی حرج نہیں، اتوار کو تمام مارکیٹیں مکمل بند ہوں گی۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ اسموگ سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک کا استعمال ضرور کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعے اور ہفتے کو مارکیٹیں دن 3 بجے کھلیں گی، اتوار کو ہر طرح کا کاروبار بند رکھنا ہو گا، اتوار کو صبح سے شام 5 بجے تک مال روڈ صرف سائیکلنگ کے لیے کھلا ہو گا، اتوار سمیت جمعے اور ہفتے کو بھی تمام اسکول، کالجز، یونیورسٹیز بند ہوں گی۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ مصنوعی بارش کے لیے اقدامات پر غور کر رہے ہیں، 29 نومبر کو لاہور کی طرف بادل آئے تو مصنوعی بارش کی کوشش کریں گے۔
داتا دربار پر 24 گھنٹے لنگر کا آغاز
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں داتا دربار کے لنگر خانے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس میں بزرگان دین کے 9مزاروں کی اپ گریڈیشن پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔
داتا دربار پر عقیدت مندوں کے لیے 24 گھنٹے لنگر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔