ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے بجلی، گیس کنکشن منقطع، موبائل سم بلاک کرنے کا فیصلہ، ملک بھر میں 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس دفاتر قائم

اسلام آباد – ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانیوالوں کے بجلی اور گیس کے کنکشن منقطع اور موبائل سم بلاک کرنے کا فیصلہ،ا یف بی آر نے ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے اور 20 لاکھ تک نئے ٹیکس دہندگان کوٹیکس نیٹ میں لانےکیلئے ملک بھر میں 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس دفاتر قائم کر دیئے۔

جون 2024 تک ایف بی آر نے 15سے 20لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جمعہ کو145 ڈسٹرکٹ ٹیکس افسران کے دفاتر کو نوٹیفکیشن جاری کردیئے۔ 

ان دفاتر کی سربراہی ڈسٹرکٹ ٹیکس آفیسرز کریں گے جن کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ نان فائلرز اور اسٹاپ فائلرز پر انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کیلئے کارروائی کریں گے، ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانیوالے ٹیکس دہندگان کے بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلٹی کنکشن منقطع کئے جائیں گے اور موبائل سم بلاک کرنے کا اختیار بھی ہوگا۔ 

ایک نیا دستاویزی قانون بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت مختلف محکمے اور ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو خودکار ٹرانسمیشن سسٹم کے ذریعے ڈیٹا فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ 

ایف بی آر کے مطابق ان دفاتر کے قیام سے ایک نئے باب کا آغاز ہوتا ہے جس سے ٹیکس نیٹ کو وسعت ملے گی تاکہ تمام ممکنہ ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جاسکے۔ 

ان نئے دفاتر کی سربراہی گریڈ 17اور گریڈ 18 کے ان لینڈ ریونیو کے افسران کریں گے۔ یہ افسران مختلف محکموں اور اداروں سے تھرڈ پارٹی ڈیٹا حاصل کرکے استعمال کریں گے۔ جو ممکنہ ٹیکس دہندگان کے بھاری اخراجات اور اثاثوں میں سرمایہ کاری کے بارے میں اہم معلومات رکھتے ہیں اور یہ ٹیکس دہندگان ابھی تک ٹیکس ریٹرن کی رجسٹریشن اور فائلنگ سمیت ٹیکس کے نظام سے بچنے اور دور رہنے میں کامیاب رہے ہیں۔ 

اس مقصد کیلئے استعمال کئے جانیوالے ٹولز میں سے ایک انکم ٹیکس آرڈیننس،2001میں حال ہی میں متعارف کرایا گیا سیکشن 114B ہے۔ جو جاری کئے گئے نوٹسز کے جواب میں ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے کی صورت میں ایف بی آر کو یوٹیلیٹی کنکشن بشمول بجلی اور گیس کے کنکشنز منقطع کرنے اور موبائل سم بلاک کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ 

وفاقی حکومت اس ضمن میں تمام اقدامات کو بروئے کار لانے اور ایف بی آر کی مدد کے لئے پرعزم ہے۔ 

ایک نیا دستاویزی قانون بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت مختلف محکمے اور ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو خودکار ٹرانسمیشن سسٹم کے ذریعے ڈیٹا فراہم کرنے کے پابند ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں