پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کارکن تیاری کرلیں، سگنل دوں گا تو گرفتاریاں دیں گے۔
ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے ڈالر کم کرنے کی بڑھکیں ماریں، آئی ایم ایف کو دھمکیاں دیں، پھر گھٹنے ٹیک دیے، مہنگائی کرنے والی حکومت ملک سے بھاگنے کی تیاری میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت مجرموں کی حکومت قائم کی گئی، جدوجہد نہ کی تو تباہی کے ذمے دار سب ہوں گے، مہنگائی 50 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، آگے مزید بڑھے گی۔
عمران خان نے کہا کہ میری پیشگوئی ہے کہ مہنگائی کرنے والی حکومت کے لوگ ملک سے بھاگنے کی تیاری کر رہے ہوں گے، اپنا پیسہ ملک سے باہر رکھ کر یہ لوگ بیرون ملک پاکستانیوں سے کہہ رہے ہیں خیرات دیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ شہباز گل کو ننگا کر کے تشدد کیا گیا، اس پر اب بھی تشدد کے اثرات ہیں، اعظم سواتی نے پیٹرول پمپ پر جھاڑو دے کر پیسہ بنایا، اسے ایک ٹوئٹ پر گرفتار کرکے تشدد کیا گیا، شندانہ گلزار نے ایسا کیا کر دیا کہ اسے دہشتگرد بنا دیا، کوئی بیان دیا ہے تو آپ اسے مسترد کر سکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ 75 سال کے شیخ رشید کو ہتھکڑیاں لگا کر لاک اپ میں رکھا گیا، میرے اوپر اس وقت 60 سے زائد مقدمات درج ہیں، ہمیں ڈرانے دھمکانے کا مقصد میدان سے ہٹانا ہے، تاکہ لندن سے بھاگا بھاگا ایک شخص آئے اور الیکشن جیت سکے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک تماشہ دیکھ رہا ہے، 18 دن ہوگئے، پنجاب اور کے پی کے گورنرز نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی، 90 دن بعد انتخابات نہیں ہوئے تو گورنرز کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ بنے گا۔
عمران خان نے کہا کہ منصوبہ یہ تھا کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے، بولنے والوں کے منہ بند کیے جائیں، سارا ملک عدلیہ کی طرف دیکھ رہا ہے، امید ہے عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی، قوم تماشہ دیکھ رہی ہے کہ 90 دن میں الیکشن ہوں گے یا نہیں؟