رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں کتنے فیصد اضافہ ہوا؟ رپورٹ آگئی

مہنگائی میں کمی کے بلند و باگ دعویٰ لے کر اقتدار سنبھالنے والی اتحادی حکومت کے دور میں مہنگے پیٹرول اور روپے کی گرتی قدر نے عوام کو سسکیاں لینے پر مجبور کردیا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 2 اعشاریہ 82 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح 34 اعشاریہ 49 فیصد پر جا پہنچی ہے، اس ہفتے 32 اشیائے ضروریہ مہنگی، صرف 1 سستی اور 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں رواں ہفتے کے دوران صرف آلو وہ بھی 15 پیسے سستے ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 508 روپے تک مہنگا ہوا اور قیمت 3396 روپے تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق لہسن کی فی کلو قیمت میں 66 روپے اضافے کے ساتھ 449 روپے 38 پیسے ہو گئی جبکہ اس دورانیے میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 35 روپے مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ملک میں اوسط قیمت 388 روپے 24 پیسے ہوگئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق دال ماش کی فی کلو قیمت میں 15 روپے اضافہ ہوا، اوسط قیمت 398 روپے فی کلو پہنچ گئی جبکہ دال مسور 10 روپے سے زائد اضافے کے ساتھ اوسط فی کلو قیمت 275 روپے 79 پیسے ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دال مونگ 6 روپے، چاول 4 روپے، چینی 2 روپے 12 پیسے، اڑھائی کلو برانڈڈ گھی کا 14 روپے تک مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے چینی چاول، تازہ دودھ، آٹا، ٹماٹر، پیاز سمیت 34 اشیاء مہنگی ہوئیں جبکہ صرف ایک سستی اور 18 میں استحکام رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں