میرے علم میں ایسی بہت سی فلاحی تنظیمیں ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ وہ صرف خلق خدا کی خدمت کیلئے اپنا دن رات وقف کئے ہوئے ہیں ۔مگر ایک اس طرح کے فلاحی تعلیمی ادارے کی قلمی سرپرستی کے بہت مثبت نتائج ظاہر ہوئے اور نیک نامی کے علاوہ انہیں بہت بڑی بڑی ڈونیشنز ملنا شروع ہوگئیں۔اس وقت یہ تنظیم واقعی بہت اعلیٰ کام کر رہی تھی مگر بعد میں اس کے ناظم دوست نے فلاحی کام کو خدا حافظ کہا اور خالص تجارتی بنیادوں پر کاروبار شروع کر دیا۔ظاہر ہے مجھے اس سے صرف مایوسی نہیں بہت صدمہ بھی ہوا اس کے بعد ان ایسے بہت سے اداروں نے اپنی کارکردگی دکھانےکیلئے اپنا ادارہ وزٹ کرنے کی دعوت دی مگر میں ان کی دعوت قبول نہ کر سکا۔تاہم اس وقت ملک کے بہت سے شہروں خصوصاً لاہور اور کراچی میں ایسے بیسیوں ادارے ہیں جنہوں نے صرف اپنے خدا کو راضی کرنے کیلئے اس کی مخلوق کی خدمت عبادت کے طور پر کی ۔چند روز پہلے کھانا پکانے کی ماہر روبینہ کام پر آئی تو وہ بہت خوش اور بہت حیران بھی تھی، اس نے میری اہلیہ کو بتایا کہ میں نے لاہور میں ایک ایسا ہسپتال دیکھا ہے جس بارے میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا اس کے مطابق وہ تین دن اس ہسپتال میں ایڈمٹ رہی اس کے سارے ٹیسٹ ہوئے اس کو میڈیسن فراہم کی گئی اس کے ساتھ ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا بھی شامل تھا اور یہ سب کا سب مفت تھا، میں نے اس سے ہسپتال کا نام پوچھا تو اس نے انڈس ہسپتال بتایا۔ میری زندگی میں یہ پہلا موقع تھا کہ میرے دل میں یہ ہسپتال وزٹ کرنے کی خواہش پیدا ہوئی ،میں اپنا شیڈول دیکھ کر پروگرام بنانےکا سوچ ہی رہا تھا کہ مجھے انڈس ہسپتال سے محسن اقبال صاحب کا فون آیا کہ ہسپتال کے مدارا لمہام ڈاکٹر عبدالباری خان سول سوسائٹی کے افراد سے ملنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ 9نومبر بدھ کے روز شام سات بجے اگر آپ آ سکیں تو انہیں بہت خوشی ہو گی، اندھا کیا چاہے دو آنکھیں میں تو خود خواہشمندتھا انہوں نے شام سات بجے کا ٹائم دیا تھا جبکہ ساڑھے آٹھ بجے ڈاکٹر ز ہسپتال میں برادرم قاسم علی شاہ نے میرے لئےای این ٹی کے ممتاز ڈاکٹر عمران سعید سے میری اپائنٹمنٹ بھی لی ہوئی تھی میں نے سوچا ایک گھنٹے میں ہسپتال وزٹ کر لوں گا ،جہاں پروگرام میں کھانا بھی شامل ہو تو میں اپنے ابا جی کی ’’سنت‘‘ پر عمل کرتے ہوئے گھر سے کھانا کھا کر نکلتا ہوں سو میرا خیال تھا کہ میں یہاں سے فارغ ہو کر ڈاکٹر عمران سعید کے پاس چلا جائوں گا ، وقت کی پابندی کی عادت کی وجہ سے میں ٹھیک سات بجے ہسپتال پہنچ گیامگر وہاں ہو کا عالم تھا، صرف دس بارہ لوگ موجود تھے جن میں ہسپتال کےسی ای او ڈاکٹر شفیق حیدر بھی شامل تھے چنانچہ میں اپنی ’’حاضری‘‘ لگوا کر پونے آٹھ بجے وہاں سے اٹھ کر ڈاکٹرز ہسپتال کیلئے روانہ ہو گیا۔تاہم خالی ہاتھ نہیں آیا ہسپتال کے بارے بلکہ اس کےہیلتھ نیٹ ورک کے حوالے سے ضروری معلومات لیکر لوٹا ۔یہ سب کچھ حیرت انگیز تھا بلکہ کچھ ناقابل یقین سا ہی لگا کہ اس بہت بڑے نیٹ ورک میں مریض کو بہترین سہولتیں دینے کے علاوہ سب کچھ بالکل مفت ہے بلکہ آپ یوں سمجھیں کہ یہاں بل ادا کرنے کا کوئی کائونٹر ہی نہیں اس نیٹ ورک کے زیر اہتمام ملک بھر میں دس ہسپتال ہیں ،چار پنجاب، چار سندھ اور دو بلوچستان میں عوام کی خدمت فی سبیل اللہ انجام دے رہے ہیں اسکے علاوہ 37پرائمری کیئرکلینک تمام صوبوں اور گلگت میں موجود ہیں 4ریجنل بلڈ سینٹر بھی ہیں دو پنجاب اور دو سندھ میں چھ ملین مریض استفادہ کر رہے ہیں۔ فلیگ شپ پروجیکٹ کراچی کے مطابق چارسو کے علاوہ مزید تین سو بیڈ آپریشنل ہوئے ہیں چھ سو بیڈ کے علاوہ ایک سو مزید بیڈ کا اضافہ ہوا ہے، دوسرے شہروں میں بھی اس سہولت میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ 2023-24ءکا بجٹ ستاون بلین روپے ہے اور ڈاکٹرز بنیادی طور پر پاکستانی ہیں ۔
مجھے یہ سب کچھ لکھتے ہوئے پسینہ آ گیا ہے، آپ ڈاکٹر عبدالباری خان کا سوچیں انہیں یہ کام کرتے ہوئے کن مراحل سے گزرنا پڑتا ہو گا ہمارے پاکستانی الحمدللہ فلاحی پروگراموں میں دل کھول کر ڈونیشنز دیتے ہیں اور انہی کے دم قدم سے یہ ادارے چلتے ہیں، کچھ تو اپنا نام بھی خفیہ رکھتے ہیں کہ وہ اپنی ذات کیلئے نہیں، خدا کی خوشنودی کیلئے جو ان کے بس میں ہے، اس سے بھی کہیں زیادہ اللہ کی راہ میں دیتے ہیں۔ انڈس ہسپتال بلکہ پورے پروجیکٹس نے مجھے بے حد متاثر کیا ہے اور میری خواہش ہے کہ اندرون ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے غریب بھائیوں کو دی جانے والی اس سہولت میں بھرپور تعاون کریں، انہیں خدا کی خوشنودی تو حاصل ہوگی ہی اس کے ساتھ لاکھوں مستحق مریضوں کی دعائیں بھی ان کے شامل حال ہوںگی۔ ڈونرز کی سہولت کیلئے ہسپتال کے بینک اکائونٹ کی تفصیل درج ذیل ہے۔ بینک البرکہ جوہر ٹائون برانچ، برانچ کوڈ 0303اکائونٹ ٹائٹل انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک(QFNST Capex A/C, QFNST Zakat A/C)اکائونٹ نمبر 00111110375091یا 00111110375101 بینک آف پنجاب اکبر چوک برانچ ، برانچ کوڈ 0731، اکائونٹ ٹائٹل انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک ورک(QFNST Capex A/C, QFNST Zakat A/C) اکائونٹ نمبر 5310036969600018 یا 5310036969600031