اسرائیل نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک کے اسٹار لنک کو غزہ میں کام کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ اس کی جانب سے اسپیس ایکس کے سیٹلائٹ پر مبنی کمیونیکیشن سسٹم اسٹار لنک کی سپورٹ غزہ کو فراہم کرنے سے روکا جائے گا۔
اسرائیل کے وزیر مواصلات کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسٹار لنک سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم روکنے کے لیے تمام ذرائع استعمال کریں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے غزہ کا مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے جس کے باعث انٹرنیٹ اور موبائل فونز کی سروسز بند ہوگئی تھیں۔
ایلون مسک نے گزشتہ روز اسٹار لنک کے ذریعے غزہ میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ایلون مسک نے کہا تھا اسٹار لنک غزہ میں مواصلات کی بحالی میں مدد کرسکتا ہے۔
دوسری جانب غزہ میں محصور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی 23 ویں روز بھی جاری ہے، غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے چار سو زائد میزائل حملے کیے گئے ہیں، ایک فضائی حملہ غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا کے قریب بھی کیا گیا ہے۔
7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ کے نئے مرحلے کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
حماس کے القسام بریگیڈ نے اسرائیل کے اہم شہر دیمونا کو راکٹ حملے کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ فلسطینی جنگ کو فیصلہ کن معرکہ سمجھیں اور ہمارے ساتھ اٹھیں۔
لبنانی تنظیم حزب اللّٰہ کے اسرائیلی فوج پر حملے میں فوجی گاڑی تباہ ہوگئی ہے۔