اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں زمینی حملے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ حملے کی تفصیلات نہیں بتاؤں گا۔
ایک بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ یرغمالیوں کو واپس لانےکے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ زمینی حملے کا وقت اتفاق رائے سے طے کیا جائے گا، غزہ کے شہریوں کو جنوب کی طرف چلے جانا چاہیے۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے غزہ کی پٹی پر زمینی حملے سے دونوں جانب مزید جانی نقصانات ہوگا۔
قاہرہ میں فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصری صدر نے کہا کہ غزہ میں کشیدگی دیگر علاقوں تک پھیلنے سے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں ایندھن پہنچانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا، غزہ کے اسپتال غیر فعال، صحت کا نظام مکمل تباہ ہوگیا
غزہ میں 17 روز سے بجلی، پانی اور ایندھن کی فراہمی بند ہے جبکہ جنریٹرز کے بغیر اسپتال کام کرنے سے قاصر ہیں۔
19 روز میں اسرائیل کی بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے زیادہ ہوگئی، 17 ہزار زخمی ہوگئے۔ 2700 سے زیادہ بچے بھی شہیدوں میں شامل ہیں۔
بمباری سے 33 مساجد بھی شہید ہوچکی ہیں، مسجد اقصیٰ میں بھی اسرائیلی فوج نے اشتعال انگیزی کی، سخت سیکیورٹی میں درجنوں اسرائیلی آبادکاروں کو مسجد اقصیٰ میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کروائی۔