کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر وسطی طحہٰ سلیم کی کوششوں سے ضلع پھولوں کی نمائش کے بعد ثقافتی سرگرمیوں اور استقبال بہاراں میں بھی سبقت لے گیا۔
گلبرگ فیڈرل بی ایریا بلاک 19 میں واقع عبدالخالق افغان فٹبال اسٹیڈیم میں ایڈمنسٹریٹر طحہٰ سلیم نے موسم بہار کے استقبال کیلئے منعقدہ جشن بہاراں فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے عہدیداران، اسسٹنٹ کمشنر گلبر گ دادن خان لاشاری، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد عاصم عباسی، ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر اکبر حسین، ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ 15 روزہ جشن بہاراں فیسٹیول کے دوران ضلع کے مکینوں کو مختلف قسم کی تفریحات مہیا کرنے کے لئے مختلف پروگرامز ترتیب دئیے گئے ہیں، جن میں دستکاری کی نمائش، پھولوں کی نمائش، کھیلوں کا میلہ، مختلف ٹیبلوز شامل ہیں، جبکہ مختلف صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے لوک فنکار بھی پرفارم کریں گے، فیسٹیول کے دوران مختلف علاقائی اور روایتی کھانوں کے اسٹالز، خواتین کیلئے مینا بازار اور دیگر پروگرام جاری رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر وسطی طحہٰ سلیم ضلع وسطی کے عوام کو بہتر شہری سہولتوں،معاشرتی ماحول اور تفریحات مہیا کرنے کے لئے خصوصی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ پھولوں کی نمائش اور جشن بہاراں فیسٹیول اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ موجودہ مخدوش سیاسی اور معاشرتی صورتحال میں عوام کو پریشانیوں سے دور کرنے کیلئے تفریحی پروگرامز کا انعقاد طحہٰ سلیم کی مثبت سوچ کا آئینہ دار ہے۔