کراچی کے علاقے ڈیفنس سے کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کراچی کے عملے نے ڈیفنس میں کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم محمد طارق کریم کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ملزم ڈی ایچ اے کراچی میں واقع ایم ٹی کنسلٹنسی کے نام سے غیر رجسٹرڈ کاروبار چلا رہا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم سادہ لوح شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹور رہا تھا۔
ملزم اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز لائسنس کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔
ترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسٹیمپس، لیٹر ہیڈز، ایگریمنٹس، پاسپورٹس، ویزے کی نقول اور دیگر سفری دستاویزات برآمد کر لی گئیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے زیرِ استعمال موبائل فونز اور لیپ ٹاپس کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔