کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کراچی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے 8 میچز کے حوالے سے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے کانفرنس ہال میں سیکیورٹی کوآرڈی نیشن کاایک اہم اجلاس ہوا۔
جس میں ایونٹ کے آغاز سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے کی۔ ایس ایس پی سیکیورٹی II سید سلمان، ایس ایس پی عرفان بہادر، ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر، ایس ایس پی اسپیشل برانچ عرفان مختیار بھٹو، ایس پی ایس ایس یو اظہر مغل، ایس پی مدگار 15 حفیظ الرحمن، پاک فوج، رینجرز اور پی سی بی کے سینئر افسران سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ ایس پی ایس ایس یو اظہر مغل نے شرکا کو سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ میں بتایا کہ سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکار جن میں ایس ایس یو کمانڈوز، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس، اسپیشل برانچ شامل ہیں، نیشنل بینک کرکٹ ایریناکراچی، کراچی ائرپورٹ، راستوں، ہوٹلوں، پریکٹس گراؤنڈ اور دیگر مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، جبکہ حساس مقامات پر ماہر نشانہ بازبھی تعینات کیے جائیں گے ۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی نے ہدایات دیں کہ ایونٹ کا پرامن انعقاد یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔