امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جماعت اسلامی کے میئر کو منتخب ہونے سے زبردستی روکا گیا تو ان کی جماعت کے پاس تمام آپشن موجود ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کرتا ہوئے کہا کہ ’جو آر اوز نتیجہ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے ہاتھ ابھی روکے جائیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ ہمارے پاس فارم 11 پر پورا نتیجہ موجود ہو (اور جب وہی نتیجہ) آر او سے جاری ہو تو اس میں تبدیلی آ جائے، اس کو بدل دیں گے تو ہم کہاں جائیں گے۔‘
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ’میں عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنھوں نے ہمیں ووٹ دیا، آخری لمحے تک جب یہ ہو رہا ہو کہ الیکشن نہیں ہو رہا جبکہ یہ چار بار ملتوی ہو چکا ہو۔‘
خیال رہے کہ جماعتِ اسلامی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ کراچی میں 100 سے زیادہ نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس اس ضمن میں شواہد بھی موجود ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج فراہم کرنے میں تاخیر کے بعد بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تنازع کھڑا ہوا ہے۔