اسلام آباد ( نیوز رپورٹر /اپنے نامہ نگار سے ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے شمالی علاقوں میں شدید موسمی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے .این ڈی ایم اے کے این ای او سی کی جانب سے 11 سے 13 جولائی تک شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ 10 سے 14 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سیاحوں کو غیر ضروری پہاڑی سفر سے مکمل گریز کرنے کی تاکید کی گئی ،ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ، ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور بارشوں کی وجہ سے گلیشیائی وادیوں میں اچانک سیلاب، ملبے کے بہائو اور مقامی نالوں میں کٹائو کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اس سلسلے میں سوات،اشکومان، ہنارچی، ترسات ہنڈور، التر، اویر، چینٹر، گوپیس، یاسین، روشان، ہاکیس، چتیبوئی، ٹھلو-1 اور 2، ریشون، بریپ، بونی، سردار گول، پنڈورو چاٹ، خپلو، ہسپر-ہپر، غلکن اور گلتنگ سمیت مضافاتی علاقوں کو گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے شدید خدشات ہیں۔ حکام نے جگلوٹ سکردو روڈ، ہنزہ سے گوجال روڈ، اور گلگت سے غزر، نلتر، بگروٹ اور ہرموش کے علاقوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے لحاظ سے حساس ترین زون قرار دیا ہے۔ ، موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں گزشتہ روز بھی راولپنڈی اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں بارش ، تیز ہوائوں اور بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ۔
شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا ہائی الرٹ جاری
