اب غیر مشروط غیر ملکی گرانٹس نہیں دیں گے: سعودی وزیرِ خزانہ محمد الجدعان

سعودی وزیرِ خزانہ محمد الجدعان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اب غیر مشروط غیر ملکی گرانٹس نہیں دے گا۔

ورلڈ اکنامک فورم میں خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ محمد الجدعان نے کہا کہ بیرونی ممالک کو امداد دینے کے طریقے کو تبدیل کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم براہِ راست گرانٹ اور ڈپازٹس دیتے تھے اب اسے بدل رہے ہیں، ہم کثیر الجہتی اداروں کے ساتھ کام کر رہے، اصلاحات دیکھنا چاہتے ہیں۔

سعودی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں پر ٹیکس لگا رہے ہیں، دوسروں سے بھی ایسی توقع کر رہے ہیں، ہم مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن چاہتے ہیں کہ دوسرے بھی اپنا کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم خطے کے لیے ایک رول ماڈل بننا چاہتے ہیں، اپنے ارد گرد کے ممالک کو اصلاحات کی ترغیب دے رہے ہیں۔

سعودی وزیرِ خزانہ محمد الجدعان نے مزید کہا کہ اپنی معیشت بڑھانے کے ساتھ ساتھ عالمی معیشت کی مدد پر بھی کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سعودی عرب تمام ممالک سے بین الاقوامی تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں