پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے راولاکوٹ سے مظفرآباد کی جانب اپنے اعلان کردہ لانگ مارچ کو 21 جولائی تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تنظیم کی کور کمیٹی کے رکن عابد شاہین نے بتایا کہ یہ فیصلہ کور کمیٹی کے متفقہ مشورے سے کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان سے آنے والی ایک اہم شخصیت کے نمائندے نے تنظیم کے وفد سے ملاقات کی اور مطالبات کے حل کے حوالے سے یقین دہانی کروائی، جس کے بعد لانگ مارچ کو وقتی طور پر مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
عابد شاہین کا کہنا تھا کہ اس سے قبل تنظیم نے اپنے مطالبات کے حق میں مقامی حکومت کو بدھ کی دوپہر دو بجے تک کی مہلت دی تھی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ لانگ مارچ کو چند روز کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے، تاہم راولاکوٹ کے مختلف مقامات پر جاری دھرنے بدستور برقرار رہیں گے۔
دوسری جانب راولاکوٹ کی ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بات کرتے ہوئے اس امر کی تصدیق کی کہ تنظیم نے اپنا لانگ مارچ فی الحال مؤخر کر دیا ہے۔
تاہم انتظامیہ کے اہلکار نے تنظیم اور حکومتی نمائندوں کے درمیان کسی قسم کے مذاکرات ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
