ملتان (خصوصی رپورٹر)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی کے نام پر سرگرم جعلساز عناصر سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مختلف افراد نے جعلی اکیڈمیاں، واٹس ایپ گروپس، ٹیلیگرام چینلز، فیس بک پیجز اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں، جن کا یونیورسٹی سے کوئی تعلق نہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق نوسرباز عناصر داخلوں، امتحانات، اسائنمنٹس، ورکشاپس، ٹیوٹرز کی تعیناتی، نتائج اور دیگر تعلیمی امور کے نام پر طلبہ کو گمراہ کرکے مقررہ فیس سے زائد رقوم وصول کرتے ہیں، جبکہ بعض افراد خود کو یونیورسٹی کا نمائندہ ظاہر کرکے مختلف سہولتیں فراہم کرنے کا جھانسہ بھی دیتے ہیں، جس سے طلبہ مالی نقصان کا شکار ہو سکتے ہیں۔انتظامیہ نے واضح کیا کہ داخلے ، فیسوں کی ادائیگی، امتحانات، نتائج اور دیگر تمام تعلیمی سرگرمیاں صرف یونیورسٹی کے منظور شدہ اور سرکاری ذرائع سے انجام دی جاتی ہیں۔ طلبہ کسی غیر مصدقہ اکیڈمی، سوشل میڈیا پیج، واٹس ایپ گروپ یا فرد پر اعتماد نہ کریں اور نہ ہی کسی کو ذاتی معلومات یا رقم فراہم کریں۔یونیورسٹی نے طلبہ اور والدین پر زور دیا ہے کہ ہر قسم کی معلومات کی تصدیق صرف سرکاری ذرائع سے کریں۔ اگر کوئی شخص یا ادارہ یونیورسٹی کے نام پر اضافی فیس یا غیر قانونی ادائیگی کا مطالبہ کرے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے
اوپن یونیورسٹی کے نام پر جعلسازی، طلبہ کو محتاط رہنے کی ہدایت
