تہران: (اب نیوز) ایران کے انقلابی گارڈز کی بحریہ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو اگلے حکم تک مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق آئی آر جی سی بحریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز میں غیر ملکی مداخلت اور جہاز رانی کیلئے مبینہ طور پر غیر قانونی راستہ مقرر کرنے کی کسی بھی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ متعدد بحری جہازوں نے انتباہ کے باوجود اپنا رخ درست نہیں کیا اور منظور شدہ بحری راستے پر منتقل ہونے کی ہدایات نظر انداز کیں، ایک بحری جہاز نے اپنے شناختی اور نگرانی کے نظام بند کر دیے تھے جس سے سمندری سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا، انتباہی فائرنگ کے بعد اس جہاز کو روک لیا گیا۔
جاری بیان میں کہا گیا کہ جب تک علاقے میں امریکی مداخلت ختم نہیں ہوتی کسی بھی بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاسداران انقلاب کے مطابق اگر ایران کے خلاف نیا حملہ یا خلاف ورزی کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، جس میں خطے میں موجود دشمن کے نئے اڈوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہو سکتا ہے۔
