بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں مسلح افراد نے دکان پر کام کرنے والے 5 مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق پانچوں افراد صوبے کے باہر سے آئے ہوئے تھے، ضروری کارروائی کے بعد مقتولین کی لاشیں آبائی علاقوں کو روانہ کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ماشکیل میں فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ ماشکیل میں فائرنگ سے 5 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ قابل مذمت ہے، حکومت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
شاہد رند نے کہا کہ بےگناہ شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
