ایران کے صوبہ ہرمزگان کے گورنر کے دفتر کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات سے امریکی حملوں میں آٹھ افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ایران کی وزارتِ صحت نے اعلان کیا تھا کہ جولائی میں امریکی حملوں میں 38 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایرانی وزارتِ صحت کے حکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ 16 جولائی کو صبح ساڑھے چھ بجے تک امریکی حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اس دوران 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ان کے مطابق زخمیوں میں 22 خواتین اور 18 برس سے کم عمر کے نو بچے شامل ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں میں بھی ایک 18 برس سے کم عمر نوجوان شامل ہے۔
حکام کے مطابق 47 افراد اب بھی ایران کے مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
ایران پر امریکی حملوں کا نیا سلسلہ 6 جولائی کو آبنائے ہرمز میں متعدد جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد سے ایران جوابی حملے کر رہا ہے، جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف خطے میں امریکی مفادات اور اڈے ہیں۔
