ملتان (لیڈی رپورٹر)جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے سرکاری علاج گاہ نشتر ہسپتال میں مریضوں کی مشکلات کم ہونے کے بجائے بڑھنے لگیں۔ گزشتہ رات سے ایمرجنسی اور آپریشن تھیٹرز میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، جس کے باعث شدید گرمی اور حبس میں مریض، تیماردار اور طبی عملہ شدید اذیت کا شکار رہے ۔ذرائع کے مطابق بجلی بند ہونے کے باعث متعدد مریضوں کی طبیعت بگڑ گئی جبکہ تیماردار ہاتھوں سے پنکھے جھلنے پر مجبور رہے ۔ ہسپتال میں بیک اپ کے لئے جنریٹر موجود ہونے کے باوجود انہیں چلایا نہ جا سکا کیونکہ جنریٹروں کے لئے ڈیزل دستیاب نہیں تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈیزل کی خریداری کے لئے فنڈز دستیاب نہیں تھے ، جس کے باعث بیک اپ سسٹم فعال نہ ہو سکا۔ اس صورتحال نے ایمرجنسی اور آپریشن تھیٹرز جیسے انتہائی حساس شعبوں میں بھی طبی خدمات کو متاثر کیا۔مریضوں اور ان کے لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے تدریسی و علاجی ادارے میں بجلی کے متبادل نظام کا غیر فعال ہونا انتہائی تشویشناک ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ زندگی بچانے والے شعبوں میں بھی بجلی کی مسلسل بندش انتظامی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے ۔نشتر ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ جنریٹر موجود ہیں، تاہم ڈیزل کی خریداری کے لئے فنڈز فراہم نہیں کئے گئے ، اسی وجہ سے جنریٹر نہیں چلائے جا سکے ۔واضح رہے کہ نشتر ہسپتال روزانہ ہزاروں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرتا ہے ، ایسے میں ایمرجنسی اور آپریشن تھیٹرز میں بجلی کی بندش اور بیک اپ سسٹم کی ناکامی نے ہسپتال کے انتظامی اور مالی معاملات پر کئی سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔
