اسلام آباد ،مظفر آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک،خصوصی نیوز رپورٹر ) آزاد کشمیر میں صورتحال مزید کشیدہ ،آزاد حکومت کی درخواست پر اسلام آباد سے ایف سی اور پاکستان رینجرز کے اضافی دستے آزاد کشمیر پہنچ گئے ۔ آزاد کشمیر حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے وفاقی حکومت سے فوری سکیورٹی معاونت کیلئے وزارتِ داخلہ سے ایف سی کے 4 ہزار اہلکار اور پاکستان رینجرز کی 7 ونگز طلب کئے ۔ وفاقی وزارتِ داخلہ کو بھیجے گئے مراسلے میں کالعدم جے کے جے اے اے سی کی سرگرمیوں کو امن و امان کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا گیا،حکومتی مراسلے کے مطابق حالیہ جھڑپوں میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 174 اہلکار زخمی ہوئے ،پونچھ اور راولاکوٹ میں دھرنے جبکہ دیگر اضلاع میں احتجاجی سرگرمیوں سے صورتحال کشیدہ ہے ، مسلح عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا، جبکہ اشیائے خوردونوش لے جانے والے ٹرک بھی نذر آتش کئے گئے ۔ آزاد کشمیر حکومت نے ریاستی رٹ برقرار رکھنے اور امن و امان کی بحالی کیلئے اضافی سکیورٹی نفری کی فوری تعیناتی کی درخواست کی،مراسلے میں سفارش کی گئی کہ آنے والی نفری 50 فیصد اسلحہ و گولہ بارود اور 50 فیصد اینٹی رائٹ آلات سے لیس ہو ،ذرائع کے مطابق اضافی سکیورٹی نفری کی آزاد کشمیر آمد کے بعد حساس اضلاع میں مرحلہ وار تعیناتی متوقع ہے ، سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر د ئیے گئے ۔
آزاد کشمیر میں صورتحال کشیدہ،وفاق سے ایف سی،رینجرز کی مزید نفری پہنچ گئی
